چوتھا ون ڈے ،انگلینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3وکٹوں سے کامیاب

بین سٹوکس کی فتح گر ففٹی، جیسن روئے کی سنچری،بابر اعظم کی عمدہ اننگز رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 مئی 2019 01:09

چوتھا ون ڈے ،انگلینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3وکٹوں سے کامیاب
نوٹنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مئی 2019ء) چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 3وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی ہے۔ٹرینٹ برج ،ناٹنگھم میں کھیلے جارہے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف دیا ، ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جیمز ونس نے کیا، دونوں اوپنرز نے 94 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ونس 43 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔

روئے اور جوروٹ نے دوسری وکٹ کے لیے 107رنز جوڑ ے اور اس دوران روئے نے اپنی8ویں سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ114رنز بنا کر حسنین کا شکا ر بنے،جو روٹ عماد وسیم کو بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے36رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،کپتان جوز بٹلر کو عمادو سیم نے 0کی خفت سے دوچار کیا جبکہ معین علی بھی کھاتہ کھولے بغیر شعیب ملک کی گیند پر پوویلین لوٹے،جو ڈینلی 17رنز بنا کر جنید خان کے شاندار کیچ کے نتیجے میں آﺅٹ ہوئے،ٹام کیرن اور بین سٹوکس نے ساتویں وکٹ کیلئے61رنز جوڑے جس کے بعد کیرن31رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، بین اسٹوکس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت میچ پاکستان کی گرفت سے باہر نکل گیا اور آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ نے ہدف پورا کرلیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور محمد حسنین نے 2، 2 جب کہ جنید خان، شعیب ملک اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تاہم امام الحق صرف 3 رنز بنانے کے بعد کہنی میں گیند لگنے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، فخر زمان اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کے لیے شاندار پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد فخر زمان57رنز بنا کر کیرن کی گیند پر مارک ووڈ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، بابر اعظم نے سیریزمیں اپنا مقابلہ کھیلنے والے محمد حفیظ کے ہمراہ تیسری وکٹ کےلئے 104رنز جوڑے اور اس دوران حفیظ نے اپنی37ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ59رنز بنا کر مارک ووڈ کا شکار بنے ،بابر اعظم نے اپنی9ویں سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ115رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، آصف علی اس بار بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور17رنز بنا کر آرچر کا شکار بنے،عماد وسیم 12رنز بناکر کیرن کا تیسرا شکار بنے،شعیب ملک41رنز بنا کر ہٹ وکٹ آﺅٹ ہوگئے،حسن علی بھی صرف ایک رن بنا سکے، کپتان سرفراز احمد آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کےلئے آئے، انہوں نے 14 گیندوں پر 21 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹون کے نقصان پر 340 رنز بناسکی۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹام کرن نے 4، مارک ووڈ نے دو اور آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس میچ کے لیے قومی ٹیم نے 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حارث سہیل کی جگہ شعیب ملک، فہیم اشرف کی جگہ محمد حفیظ اور شاہین آفریدی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔چوتھے ون ڈے کے لیے قومی کھلاڑیوں میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد(کپتان )، محمد حفیظ،آصف علی، عماد وسیم، محمد حسنین، حسن علی اور جنید خان شامل ہیں۔

انگلش میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں اور کپتان این مورگن پر ایک میچ کی پابندی کے باعث جوس بٹلر ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ جیمز ونس، جوفرا آرچر، مارک ووڈ اور عادل رشید بھی آج کا میچ کھیل رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن رائے، جو روٹ، بین سٹوکس، جو ڈینلی، معین علی اور ٹام کیرن شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 18/05/2019 - 01:09:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :