بابر اعظم نے وہ ریکارڈ بنا ڈالا جو ویرات کوہلی کے پاس بھی نہیں

کم ترین اننگز میں 9سنچریاں مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے بہترین بلے باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 مئی 2019 13:36

بابر اعظم نے وہ ریکارڈ بنا ڈالا جو ویرات کوہلی کے پاس بھی نہیں
نوٹنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی 2019ء) قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے وہ ریکارڈ بنا ڈالا جو ویرات کوہلی کے پاس بھی نہیں ہے ۔ 24سالہ بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈ ے میں اپنی9ویں سنچری مکمل کی ،انہو ں نے 112گیندوں پر13چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے115رنز سکور کیے ، بابر اعظم اب تک63میچز کی61اننگز میں51.13کی اوسط سے2659رنز سکور کرچکے ہیں جن میں9سنچریاں اور11نصف سنچریاں شامل ہیں،وہ کم ترین اننگز میں 9سنچریاں مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے بہترین بلے باز ہیں ، ون ڈے کرکٹ میں یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا کے پاس ہے جنہوں نے 52اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا ہے، جنوبی افریقہ کے ہی کوئنٹن ڈی کوک نے53اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا، بھارت کے شیکھر دھون نے72اننگز کھیل کر اپنی9ویں سنچری مکمل کی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو ہراکر ون ڈے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں کھیلے جارہے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف دیا جسکے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جیمس ونس نے کیا، دونوں اوپنرز نے 94 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ونس 43 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیسن رائے اور جوروٹ نے جارحانہ کھیل پیش کیا، جیسن رائے نے سنچری سکور کی تاہم وہ 201 کے مجموعی سکور پر 114 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے جبکہ کچھ ہی دیر بعد جوز بٹلر اور معین علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔216 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد جو ڈینلی اور بین سٹوکس نے سکور آگے بڑھانےکی کوشش تاہم 258 کے مجموعی سکور پر جنید خان نے جوڈینلی کا شاندار کیچ پکڑ کر انہیں پویلین کی راہ دکھائی جسکے بعد بین سٹوکس اور کیرن نے 61 رنز کی شراکت قائم کی، بین سٹوکس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت میچ پاکستان کی گرفت سے باہر نکل گیا اور آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ نے ہدف پورا کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور محمد حسنین نے 2، 2 جب کہ جنید خان، شعیب ملک اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تاہم امام الحق صرف 3 رنز بنانے کے بعد کہنی میں گیند لگنے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔فخر زمان اور بابر اعظم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں سکور کیں تاہم فخرزمان 50 گیندوں پر 57 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد بابراعظم اور محمد حفیظ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم محمد حفیظ 220 کے مجموعی سکور پر 59 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے جبکہ بابر اعظم نے اپنی سنچری سکور کی اور 115 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔

بابر اعظم آﺅٹ ہونے کے بعد شعیب ملک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 41 رنز بنائے تاہم وہ اپنا بلا خود ہی وکٹ میں مار بیٹھے اور ہٹ وکٹ کا شکار ہونے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، آصف علی نے 17 اور اماد وسیم نے صرف 12 رنز بنائے جب کہ کپتان سرفراز احمد آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے، انہوں نے 14 گیندوں پر 21 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بناسکی۔
وقت اشاعت : 18/05/2019 - 13:36:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :