بابر اعظم کی سنچری رائیگاں، انگلینڈ نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا دیا،

میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل، انگلش ٹیم نے 341 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کیا، جیسن روئے کی شاندار سنچری، بین سٹوکس 71 رنز بنا کر ناقابل شکست، جیسن روئے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 18 مئی 2019 16:29

بابر اعظم کی سنچری رائیگاں، انگلینڈ نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا دیا،
نوٹنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) جیسن روئے کی شاندار سنچری اور بین سٹوکس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 340 رنز بنائے، بابر اعظم 115 رنز بنا کر نمایاں رہے، فخر زمان 57 اور محمد حفیظ 59 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جیسن روئے نے 114 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ سٹوکس نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، روئے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، محمد حسنین اور عماد وسیم نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

نوٹنگھم میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 340 رنز بنائے، امام الحق 6 رنز بنانے کے بعد مارک ووڈ کی برق رفتار گیند لگنے سے زخمی ہو گئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آ سکے، فخر زمان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 116 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا، یہاں پر کیورن نے فخر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 57 رنز بنائے، اس موقع پر حفیظ نے بابر کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے سکور 220 تک پہنچا دیا، حفیظ 59 رنز بنانے کے بعد مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 249 کے سکور پر گرین شرٹس کی تیسری وکٹ گری جب بابر اعظم جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 115 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد کیورن کی گیند کا نشانہ بنے، آصف علی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 17 رنز بنا کر آرچر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، عماد وسیم 12 رنز بنا سکے، شعیب ملک 41 رنز بنانے کے بعد ہٹ وکٹ ہوئے، حسن علی ایک رن بنا سکے، کپتان سرفراز احمد 21 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ٹام کیورن نے 4 مارک ووڈ نے 2 اور آرچر نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49.3 اوورز میں 7 وکٹوں پر پورا کیا، جیسن روئے اور جیمز ونس نے ٹیم کو 94 رنز کا آغاز فراہم کیا، ونس 43 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس موقع پر جوروٹ نے جیسن روئے کا ساتھ دیا، روئے نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے بائولرز کا مقابلہ کیا اور 114 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد روٹ بھی ہمت ہار گئے اور 36 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند کا نشانہ بنے، اسی اوور میں عماد نے جوز بٹلر کو بھی رنز کا کھاتہ کھولے بغیر پویلین بھیج کر ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، معین علی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، 258 کے سکور پر انگلینڈ کی چھٹی وکٹ گری جب جوئے ڈینلی 17 رنز بنانے کے بعد جنید خان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد ٹام کیورن نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر سکور 319 تک پہنچا دیا، کیورن 31 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے لیکن سٹوکس ڈٹے رہے، انہوں نے عادل رشید کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی، سٹوکس 71 اور عادل 12 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، محمد حسنین اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ حسن علی، جنید خان اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 18/05/2019 - 16:29:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :