انگلینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز 0-4 سے جیت لی ۔پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میںانگلینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے ہرا دیا

پیر 20 مئی 2019 00:05

لیڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) انگلینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز 0-4 سے جیت لی ۔پانچویں اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میںانگلینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے ہرا دیا۔ برطانیہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 351رنز بنائے جواب میںقومی ٹیم 46.5 اوورز میں 297 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

اتوار کو لیڈز میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں انگلش قائد ایوان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جونی بیئرسٹو اور جیمز ونس نے ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیا یہاں پر شاہین شاہ آفریدی نے ونس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 33 رنز بنائے، 105 کے سکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گری جب بیئرسٹو 32 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر جوروٹ اور مورگن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 117 رنز بنا کر سکور 222 تک پہنچا دیا، اس موقع پر شاہین آفریدی نے مورگن کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 5 چھکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی، 257 کے سکور پر روٹ جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 84 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا، جوز بٹلر 34، بین سٹوکس 21، معین علی صفر، کرس ووکس 13 اور ڈیوڈ ویلے 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ٹام کیورن 29 اور عادل رشید 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاہین آفریدی نے 4، عماد وسیم نے 3 حسن علی اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ناکام ثابت ہوئے اور بالترتیب 0 اور 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے لیکن وہ بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔کپتان سرفراز احمد اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 146 رنز بنائے، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، بابراعظم 80 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

بدقسمتی سے سرفراز احمد صرف 3 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور رن آؤٹ ہوگئے جب کہ شعیب ملک بھی صرف 4 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔آصف علی 22 ، عماد وسیم 25 اور حسن علی 11 رنز بناسکے جب کہ محمد حسنین نے 28، شاہین آفریدی نے 19 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس 5 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔
وقت اشاعت : 20/05/2019 - 00:05:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :