انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ناقص بائولنگ کو مدنظر رکھ کر ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، انضمام الحق

پیر 20 مئی 2019 17:57

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ناقص بائولنگ کو مدنظر رکھ کر ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، انضمام الحق
لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم میں چار تبدیلیا ں انگلینڈ کے خلا ف ون ڈے سیریز میں شکست اور ناقص بائولنگ کو مد نظر رکھ کر کی گئیں ۔محمد عامر جو کہ ناقص بائولنگ پرفارمنس کی وجہ سے پاکستان کی طرف سے اپریل میں ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے کو انگلینڈ کے دورہ میں اس لئے شامل کیا گیا تھا کہ ان کی انگلینڈ میں بہتر پرفارمنس دیکھ کر انہیں ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا لیکن محمد عامر چکن پاکس کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف ایک بھی ون ڈے میچ نہیں کھیل سکے لیکن اس کے باجود انہیں ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی طرف سے کہا گیا کہ محمد عامر ایک تجربہ کار بولر ہے اور اسے انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بولنگ کا وسیع تجربہ ہے۔

(جاری ہے)

محمد عامر گزشتہ 14ون ڈے میچز میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کرسکے تھے ۔اسی طرح بلے باز آصف علی بھی محمد عامر کی طرح ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے لیکن انہوں نے انگلینڈ کیخلاف دو ون ڈے میچز میں نصف سینچریاں بنائیں تو انہیں چیف سلیکٹر نے ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کرلیا ۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ نچلے نمبرز پر بیٹنگ کیلئے آصف علی بہترین بلے باز ثابت ہوسکتا ہے ۔

وہاب ریاض جن کا نام ورلڈ کپ کے پہلے 23کھلاڑیوں میں بھی نام شامل نہیں تھا لیکن انگلینڈ کے خلاف بولر ز کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے کا موقع ملا ۔وہاب ریاض دو سال قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور انہوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف ایبجسٹن میں کھیلا تھا جس میں وہ ان فٹ ہوگئے تھے تاہم وہاب ریاض نے پاکستان سپر لیگ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی بولنگ کی تھی ۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض اچھی ریورس سوئنگ کرلیتا ہے جبکہ پرانی گیند سے بھی اچھی بولنگ کرتا ہے اور انگلینڈ کی وکٹوں پر وہ اچھا بولر ثابت ہوگا ۔فہیم اشرف اور جنید خان انگلینڈ کے خلاف اچھی بولنگ نہیں کرسکے جس کی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کیا گیا۔
وقت اشاعت : 20/05/2019 - 17:57:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :