ورلڈ کپ سے قبل ناقص فیلڈنگ مکی آرتھر کے لیے درد سر بن گئی

انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم تمام میچز میں بڑا اسکور کرنے کے باوجود ایک بھی فتح حاصل کرنے سے محروم رہی ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس خود کو یکجا کرنے کے لیے چند دن ہیں، ہمیں چند شیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، ہیڈ کوچ

بدھ 22 مئی 2019 20:52

ورلڈ کپ سے قبل ناقص فیلڈنگ مکی آرتھر کے لیے درد سر بن گئی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم تمام میچز میں بڑا اسکور کرنے کے باوجود ایک بھی فتح حاصل کرنے سے محروم رہی ،اس دوران ناقص باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بدترین فیلڈنگ نے ٹیم کی شکست میں مرکزی کردار ادا کیا اور خصوصاً دوسرے اور چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کی شکست کا سب سے بڑا سبب ناقص فیلڈنگ ہی رہی۔

مکی آرتھر نے بھی ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کی ناقص فیلڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فیلڈنگ انتہائی مایوس کن رہی اور دونوں ٹیموں میں بہت بڑا فرق ثابت ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر آپ ساؤتھ ہیمپٹن اور ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچوں کو دیکھیں تو وہ آخری 5 اوورز تک گئے جہاں کوئی بھی ٹیم فتح حاصل کر سکتی تھی، ہم نے بہت اچھا مقابلہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ ایک اہم فرق ہماری فیلڈنگ ثابت ہوئی جو ہمارے لیے انتہائی تشویشناک امر ہے کیونکہ ہم نے اس شعبے میں بہت محنت کی ہے لیکن ہمیں ابھی اس کے ثمرات نظر نہیں آ رہے البتہ ہم نتائج کے حصول تک محنت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ہیڈ کوچ نے چاروں میچوں میں عالمی نمبر ایک ٹیم کے خلاف خصوصاً بلے بازوں کی ذمے دارانہ بیٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ جب ہم انگلینڈ آ رہے تھے تو لوگ کہہ رہے تھے کہ ہم 280رنز بنانے والی ٹیم ہیں لیکن ہم نے اس چیز کو غلط ثابت کیا اور اپنے بیٹنگ یونٹ کو اعتماد بخشا اور اس شعبے میں ہمیں کئی مثبت چیزیں نظر آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس خود کو یکجا کرنے کے لیے چند دن ہیں، ہمیں چند شیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے اپنے کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ وارم اپ میچز میں عمدہ کھیل پیش کرنے کے بعد عالمی کپ میں عمدہ کھیلوں پیش کریں گے۔
وقت اشاعت : 22/05/2019 - 20:52:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :