سندھ ہائی کورٹ ، شاہد آفریدی کی کتاب ‘‘گیم چینجر’’ کیخلاف دائر درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

جمعہ 24 مئی 2019 20:59

سندھ ہائی کورٹ ، شاہد آفریدی کی کتاب ‘‘گیم چینجر’’ کیخلاف دائر درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) سندھ ہائی کورٹ میں شاہد آفریدی کی کتاب ‘‘گیم چینجر’’ کیخلاف دائر درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بوم بوم شاہدآفریدی کی کتاب ‘‘گیم چینجر’’ پر پابندی کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر رکھے ہیں۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کتاب میں خود کش بمبار جیسی قابل اعتراض اصطلاح استعمال کی گئی۔شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں لیجنڈ بیٹسمین جاوید میانداد کیلئے ‘‘چھوڑاآدمی ‘‘کا لفظ استعمال کیا،وقار یونس جیسے عظیم باولر کو ‘‘ڈرپوک کوچ’’ قرار دیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا تھا کہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں گیم اور فین کو تکلیف پہنچائی،انہوں نے اپنی کتاب میں اپنی پیدائش کا سال 1975 ظاہر کیا۔

پی سی بی اور ائی سی سی سمیت دیگر ادارے جنہوں نے 1996 میں شاہد آفریدی کو 16 سال کا تیز ترین سینچری بنانے والا ریکارڈ ہولڈر ظاہر کیا تھا۔درخواست گزار نے کہاتھا کہ شاہد آفریدی عدالت میں آکر ثبوت دے کیونکہ 1975 کے حساب سے تو ان کی عمر 20 یا 21 سال بنتی ہے نہ کہ 16 سال۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی شاہد آفریدی اور وجاہت سعید خان کو کتاب کی اشاعت سے روکا جائے۔ ساتھ ہی کتاب میں جاوید میانداد ، وقار یونس اور گوتم گمبھیر کے خلاف تضحیک آمیز الفاظ نکالے کی بھی استدعا کی گئی تھی۔عدالت نے درخواست گزار کی عدم حاضری پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
وقت اشاعت : 24/05/2019 - 20:59:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :