پونے پانچ سال کے دوران حکومت کی تمام تر کامیابیاں عوام کی تائید اور حمایت کی مرہون منت ہیں، مستقبل میں عوام کی فلاح و بہبود کے سفر کو جاری رکھیں گے، موجودہ حکومت سے قبل مردان کے نوجوانوں کو اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کیلئے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا تھا، اب خدا کے فضل سے نہ صرف مردان ، ملحقہ اضلاع کے نوجوانوں کو عبدالولی خان یونیورسٹی اور باچہ خان میڈیکل کالج کی شکل میں تعلیمی سہولتیں دستیاب ہیں، علم کی روشنی پھیلانے میں یونیورسٹیوں اور کالجز کے علاوہ سکولوں کو بنیاد کی حیثیت حاصل ہے،خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی کاجلسہ سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2012 20:11

مردان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11دسمبر۔ 2012ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ گزشتہ تقریباً پونے پانچ سال کے دوران صوبائی حکومت کی تمام تر کامیابیاں عوام کی تائید اور حمایت کی مرہون منت ہیں۔ مستقبل میں بھی عوام کی فلاح و بہبود کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات منگل کے روز یونین کونسل سکندری مردان میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام اے این پی کی مقامی تنظیم نے کیا تھا۔

اس موقع پر اے این پی ضلع مردان کے صدر فاروق اکرم خان، جنرل سیکرٹری عمران ماند وری، کوآرڈینٹر جاوید یوسفزئی، جاوید محمد خیل، حاجی لطاف گل، اقبال ایڈوکیٹ معززین علاقہ اور اے این پی کے عہدے دار اور کارکن کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

جلسے سے عمران مانددوری، اقبال ایڈوکیٹ اور حاجی لطاف گل نے بھی خطاب کیا اور مردان کے عوام کی ترقیاتی محرومیوں کو دور کرنے پر امیر حیدر خان ہوتی کی سوچ اور فکر کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت سے قبل مردان کے نوجوانوں کو اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کیلئے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا تھا اب خدا کے فضل سے نہ صرف مردان بلکہ ملحقہ اضلاع کے نوجوانوں کو بھی عبدالولی خان یونیورسٹی اور باچہ خان میڈیکل کالج کی شکل میں تعلیمی سہولتیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم کی روشنی پھیلانے میں یونیورسٹیوں اور کالجز کے علاوہ سکولوں کو بنیاد کی حیثیت حاصل ہے۔

یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے صوبے بھر میں پرائمری، مڈل ، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کا جال بچھا دیا ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول سکندری میں چھ اضافی کمروں کی تعمیر اور سائنس لیبارٹری کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ایک کروڑ روپے کی منظوری کا اعلان کیا نیز انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول شرقی ہوتی کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی جس پر ایک کروڑ 80لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ یونین کونسل میں شاہ ڈھنڈ بابا کے قبرستان کی تعمیر ایک کروڑ 20لاکھ روپے کے خرچ سے جلد مکمل کر لی جائے گی۔ قبرستان کو تجاوزات سے محفوظ رکھنے کیلئے چار دیواری تعمیر کی جائے گی۔ اسی طرح حیات بابا جی کے نام سے موسوم عید گاہ پر تیزی سے کام جاری ہے جس پر ایک کروڑ 85لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے مردان خاص ، رستم خیل پل کے قریب جنازہ گاہ میں اضافی کام کیلئے فنڈز کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ شگو پل سے صوابی چوک تک فٹ پاتھ ، لائٹس اور نکاسی کی سہولت سمیت بہترین سڑک وجود میں آچکی ہے۔اسی طرح اس یونین کونسل میں ساڑھے تین کروڑ روپے مالیت کے چھوٹے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام اب تک بوسیدہ پائیپوں کی وجہ سے مضر صحت پانی پینے پر مجبور تھے۔ انہیں مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے آبنوشی کے منصوبے پر کام جاری ہے جس کے تحت بوسیدہ پائیپوں کی تبدیلی کے علاوہ نئے ٹیوب ویلوں کے قیام اور خراب ٹیوب ویلوں کی بحالی بھی مکمل کی جائے گی جس پر 8کروڑ 66لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مردان کی ترقی کیلئے کسی علاقے کے ساتھ زیادتی اور حق تلفی کا تصور بھی نہیں کر سکتے ۔ اللہ تعالیٰ انہیں اس کی توفیق نہ دے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چھ دہائیوں تک مردان کے عوام کے ساتھ کی جانے والی نا انصافیوں کے ازالے کی کوششیں میری ذمہ داری ہے۔ میری حکومت نے مردان کے علاوہ تمام ضلعوں کو بھی ان کے حق کے مطابق ترقیاتی وسائل فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے مساجد کی خدمت کے کار خیر میں علمائے کرام اور مشران کارہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ سیاست سے بالا تر ہو کر مساجد کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے موجود حکومت کو سرکاری وسائل سے مساجد کی تعمیر و مرمت کا موقع دیا ہے۔ اس سے پہلے کسی بھی حکومت کو اس اہم مقصد کی طر ف توجہ دینے کی توفیق نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اقتدار اور مناصب عارضی چیزہے۔

میری خواہش ہے کہ میں خدمت خلق کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں مقام بناؤں ، یہی میری کامیابی ہوگی۔ قبل ازیں کاٹلنگ روڈ پر واقعہ مدرسہ دار ارقم کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ مساجد اور مدرسوں کی خدمت سیاست سے بالا تر ہو کر جاری رہے گی۔ یہ خدمت صرف اور صرف خدا کی رضا کیلئے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں دیگر ترقیاتی سکیموں کے علاوہ یہ بھی میری اولین فرائض میں شامل ہے۔

کہ ادارے کی خدمت میں جو کچھ ہوسکے اسکی مالی معاونت کروں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر حکومت خیبر پختونخواہ کی جانب سے ادارے کی فلاح و بہبود کیلئے 50لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مدرسے کو گیس کی فراہمی کیلئے فوری انتظام کیا جائے اور اس پر خرچ ہونیوالی رقم کی لاگت کی ایک رپورٹ انہیں پیش کی جائے تاکہ مدرسے کو گیس کی فراہمی کا مسئلہ بھی جلد از جلد حل ہوسکے۔ دار ارقم کے مہتمم مولانا محمد نعیم نے مدرسے کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اور کہا کہ اس وقت ساڑھے سات سو طلبا و طالبات قرآن عظیم حفظ کررہے ہیں جبکہ باقی دیگر علوم حاصل کر رہے ہیں۔ ادارے کی طرف سے 2500 طلباو طالبات کو 24گاڑیاں ٹرانسپورٹ کی سہولت کی فراہمی کیلئے دی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 11/12/2012 - 20:11:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :