ہاشم آملہ نے روزہ رکھ کر کرکٹ کھیلنے کے فوائد بتادیے

روزہ میری صلاحیتوں میں نکھار کے حوالے سے مدد گار ثابت ہوتا ہے:مایہ ناز بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 مئی 2019 21:52

ہاشم آملہ نے روزہ رکھ کر کرکٹ کھیلنے کے فوائد بتادیے
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مئی 2019ء) جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ اپنے کیریئر کے سب سے اہم امتحان کرکٹ ورلڈ کپ 2019 ءکے قریب پہنچ چکے ہیں، اپنی ٹیم کے سب سے سینئر کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے ان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔یاد رہے ورلڈ کپ 2019 ءکا آغاز ماہ رمضان میں ہو رہا ہے اور ہاشم آملہ ایک باعمل مسلمان ہیں جو اپنی جسمانی اور ذہنی فٹنس کا راز رمضان کو قرار دیتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے بعد انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ” روزہ میری صلاحیتوں میں نکھار کے حوالے سے مدد گار ثابت ہوتا ہے، اس ماہ مبارک کا مجھے پورا سال انتظار رہتا ہے کیوںکہ یہ سال کا سب سے بہترین مہینہ ہوتا ہے“۔بحیثیت اوپنر ہاشم آملہ کی حالیہ کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں تھی جس کی وجہ سے ٹیم سلیکٹرز بھی پریشان دکھائی دیے تاہم ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں لگاتار دو نصف سنچریاں داغ کر انہوں نے تمام ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

(جاری ہے)

ہاشم آملہ نے 2012ءمیں انگلینڈ کے دورے کے دوران اوول کے میدان میں جنوبی افریقہ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیسٹ سکور 311 رنز بنایا تھا۔انہوں نے اب تک اپنے کیریئرمیں 174 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں جن میں 27 سنچریوں کی مدد سے 49 رنز کی اوسط سے 7910 رنز سکور کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ کرکٹ میں بہت فرق ہے، میں نے کوچ کے ساتھ دو ہفتے تربیت کے ذریعے اپنی خامیوں سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جس کا ٹیم کو بھرپور فائدہ ہو گا۔
وقت اشاعت : 27/05/2019 - 21:52:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :