ورلڈ کپ2019ء، پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 349رنز کا ہدف

بابر اعظم،محمد حفیظ اور کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 3 جون 2019 18:21

ورلڈ کپ2019ء، پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 349رنز کا ہدف
ناٹنگھم (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 3جون2019ء) ورلڈکپ کے چھٹے میچ میںپاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 349رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر سٹمپڈ ہوئے۔پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔بابر اعظم اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کے لئے قیمتی 88 رنز جوڑے اور ٹیم کا سکور 199 تک پہنچایا، بابر اعظم بھی معین علی کی گیند پر ووکس کو کیچ دے بیٹھے، وہ 63 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ اور کپتان سرفراز احمد نے مل کر 80 رنز بنائے، ٹیم کا سکور 279 ہوا تو محمد حفیظ 62 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بناکر ووڈ کی گیند پر ووکس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔آصف علی صرف 14 رنز بناسکے، وہ ووڈ کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد 55رنز بنا کر ووکس کی گیند پر پوویلین لوٹے جبکہ وہاب ریاض4رنز بنا سکے،شعیب ملک 8رنز بنا کر ووکس کا تیسرا شکار بنے،ایونٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کامیابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان کے خلاف انگلش ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، لیام پلنکٹ کی جگہ مارک ووڈ کو 11 رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، آصف علی، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

انگلش ٹیم میں جیس رائے، جونی برسٹو، جوئے روٹ، کپتان این مورگن، بین اسٹوک، جوس بٹلر، معین علی، کرس ووکس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سات وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی، اس میچ میں پاکستان ٹیم میں تجربہ اور پاور ہٹنگ دونوں ہی کی کمی محسوس کی گئی تھی۔
وقت اشاعت : 03/06/2019 - 18:21:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :