عمران خان کی قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں انگلینڈ کےخلاف میچ میں کامیابی پر مبارکباد

اس ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے اور صرف خود پر یقین کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ میگا ایونٹ جیت سکتے ہیں:وزیر اعظم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 3 جون 2019 23:07

عمران خان کی قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں انگلینڈ کےخلاف میچ میں کامیابی پر مبارکباد
ناٹنگھم (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 3جون2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی پر مبارکباددی ہے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغا م میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ”پاکستانی ٹیم کو وارم اپ میچز اور ورلڈ کپ کے پہلے مقابلے میں شکست کے بعد شاندار انداز میں کامیابی حاصل کرنے اور کم بیک کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،اس ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے اور صرف خود پر یقین کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ میگا ایونٹ جیت سکتے ہیں “۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈکو 14رنز سے شکست دیدی ہے ۔ 349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 12 رنز پر انگلینڈ کو جیسن روئے کی وکٹ کی شکل میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، وہ 8 رنز بنار شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

بیرسٹو اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کے لئے 48 رنز بنائے لیکن 60 کے اسکور پر بیرسٹو 32 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے،کپتان این مورگن زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 9 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،بین سٹوکس بھی صرف 13 رنز بناکر شعیب ملک کا شکار ہوگئے، جو روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2019ءکی پہلی سنچری سکور کی،ابھی روٹ کے سکور میں صرف 7 رنز کی ہی اضافہ ہوا تھا کہ شاداب خان کی گیند پر محمد حفیظ نے کیچ لےکر پویلین کی راہ دکھادی، روٹ اور بٹلر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے۔

جوز بٹلر اپنی سنچری مکمل کرکے103رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ ووکس21اور معین19رنز بنا سکے، آرچر ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے،اس سے قبل ٹرینٹ برج ،ناٹنگھم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر سٹمپڈ ہوئے۔پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔بابر اعظم اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کے لئے قیمتی 88 رنز جوڑے اور ٹیم کا سکور 199 تک پہنچایا، بابر اعظم بھی معین علی کی گیند پر ووکس کو کیچ دے بیٹھے، وہ 63 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔

محمد حفیظ اور کپتان سرفراز احمد نے مل کر 80 رنز بنائے، ٹیم کا سکور 279 ہوا تو محمد حفیظ 62 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بناکر ووڈ کی گیند پر ووکس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔آصف علی صرف 14 رنز بناسکے، وہ ووڈ کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 55 رنز بنائے۔وہاب ریاض 4 اور شعیب ملک 8 رنز بناسکے جبکہ حسن علی اور شاداب خان 10، 10 رنز کےساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔اس طرح پاکستان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور ووکس نے تین، تین جبکہ ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 03/06/2019 - 23:07:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :