مچل سٹارک نے ثقلین مشتاق کا24سالہ ریکارڈ توڑ دیا

پاکستانی لیجنڈ آف سپنرنے ستمبر1995ءمیں یہ ریکارڈ 78 میچز میں اپنے نام کیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 جون 2019 13:13

مچل سٹارک نے ثقلین مشتاق کا24سالہ ریکارڈ توڑ دیا
برسٹل(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 7جون2019ء) کرکٹ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں تباہ کن باﺅلنگ کرنے والے مچل سٹارک نے پاکستانی لیجنڈ آف سپنر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کا ریکارڈ توڑ دیا۔مچل سٹارک نے ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ ایک عالمی اعزاز بھی پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق سے چھین لیا۔

مچل سٹارک اب ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے والے باﺅلر بن گئے ہیں۔ مچل سٹارک نے یہ کارنامہ 77 ون ڈے میچز میں انجام دیا۔پاکستان کے لیجنڈ آف سپنر ثقلین مشتاق نے ستمبر1995ءمیں یہ ریکارڈ 78 میچز میں اپنے نام کیا تھا۔اس سے قبل ورلڈکپ 2019 کے دسویں میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی۔

(جاری ہے)

ناٹنگھم میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈکپ کے دسویں میچ میں آسٹریلیا کی آدھی ٹیم 79 رنز پر آﺅٹ ہوجانے کے باوجود آسٹریلیوی ٹیم 49 اوورز میں 288 رنز پر آﺅٹ ہوئی جسکے جواب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور ایون لیوس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم لیوس ایک ہی رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کرس گیل بھی 21 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

شائے ہوپ اور نکولس پورن نے 68 رنز کی شراکت قائم کی ، پورن 40 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے اور ہوپ نصف سنچری بنانے کے بعد 68 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، شمرون ہیٹمیئر 21، آندرے رسل 15 اور کارلوس بریتھ یوٹ 16 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے۔کپتان جیسن ہولڈر نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے 5 اور پیٹ کمنز نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ٹھیک ثابت ہوا اور صرف 38 رنز پر آسٹریلیا کے 4 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کاآغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے کیا تاہم صرف 15 کے مجموعی سکور پر ایرون فنچ 6 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، وارنر بھی صرف 3 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ ون ڈاﺅن آنےوالے عثمان خواجہ نے صرف 13 رنز بنائے اور آندرے رسل کی گیند پر ہوپ کو کیچ دے بیٹھے اور گلین میکسویل بھی بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوگئے۔

مارکس سٹوئنس نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔وکٹ کیپر بیٹسمین الیکس کیرے نے سٹیو سمتھ کےساتھ ملکر 68 قیمتی رنز جوڑے، الیکس 45 رنز بنانے کے بعد رسل کا شکار بنے جب کہ سمتھ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔سمتھ نے کولٹر نائل کے ساتھ ملکر 102 رنز کی انتہائی اہم شراکت قائم کی، سمتھ 73 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے تاہم کولٹر نائل نے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر 92 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو اچھا ہدف دینے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ نے 3، آندرے رسل اور شیلڈن کوٹرل، اوشانے تھومس نے 2،2 جب کہ جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 07/06/2019 - 13:13:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :