ترک صدر نے جرمن فٹبالر مسعود اوزیل کی شادی میں ان کے ’شہ بالا‘ اور گواہ بن کر نئی مثال قائم کردی

ترکش نژاد جرمنی کے فٹ بالر 30 سالہ مسعود اوزیل نے سابق مس ترکی 26 سالہ مس ترکی امینہ گلسی سے 7 جون کو شادی کی، طیب اردوان کی اہلیہ نے بھی گواہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں

ہفتہ 8 جون 2019 23:24

ترک صدر نے جرمن فٹبالر مسعود اوزیل کی شادی میں ان کے ’شہ بالا‘ اور گواہ بن کر نئی مثال قائم کردی
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2019ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترکش نژاد جرمنی کے فٹ بالر مسعود اوزیل کی شادی میں ان کے ’شہ بالا‘ اور گواہ بن کر نئی مثال قائم کردی۔ترکش نڑاد جرمنی کے فٹ بالر 30 سالہ مسعود اوزیل نے سابق مس ترکی 26 سالہ مس ترکی امینہ گلسی سے 7 جون کو شادی کی۔ مسعود اوزیل اور امینہ گلسی کی شادی کی تقریبات استنبول کے قریب دریائے فاسفورس کے کنارے عالیشان ہوٹل میں ہوئی، جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان دولہے کے نہ صرف’شہ بالا‘ (بیسٹ مین) بنے بلکہ وہ ان کے نکاح کے لیے گواہ بھی بنے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترک صدر کی اہلیہ نے بھی گواہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

شادی کی تقریب انتہائی سادہ رکھی گئی جس میں دولہا اور دلہن کے اہل خانہ سمیت ان کے قریبی افراد نے بھی شرکت کی۔مسعود اوزیل نے گذشتہ برس اس وقت جرمنی کی فٹ بال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جب انہیں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ تصاویر کھچوانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی حب الوطنی پر شکوک کا اظہار کیا گیا تھا۔مسعود اوزیل نے گذشتہ برس ترکی میں ہونے والے انتخابات کے دوران رجب طیب اردوان کے ساتھ تصاویر کھچوائی تھیں، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
وقت اشاعت : 08/06/2019 - 23:24:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :