آسٹریلوی بورڈ نے ٹیم بھیجی تو پاکستان پر جاﺅنگا:ایرون فنچ

پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں لیکن فیصلہ کا انحصار ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں اور کرکٹ آسٹریلیا پر ہے:کینگر و کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 جون 2019 18:32

آسٹریلوی بورڈ نے ٹیم بھیجی تو پاکستان پر جاﺅنگا:ایرون فنچ
ٹانٹن (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11جون2019ء) عالمی چیمپئن آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم خطرناک حریف ہے،آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستان نے ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھائی ہے، ہم اسے کمزور حریف تصور نہیں کرسکتے۔پاکستان کے خلاف میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ورلڈ کلاس اور میچ ونر کھلاڑی امارات کی سیریز میں شریک نہیں تھے، پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ بہت عظیم ہے اگر کرکٹ آسٹریلیا نے ٹیم کو بھیجنے کا فیصلہ کیا تو میں پاکستان جانا پسند کروں گا،پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے دوران شائقین نے ٹکٹ چند منٹوں میں خرید لئے اسلئے میں پاکستان کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں لیکن اس فیصلہ کا انحصار آئی سی سی ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں اور کرکٹ آسٹریلیا پر ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کے دوران بارش کے حوالے سے کینگرو کپتان کا کہنا تھا کہ بارش سے جہاں ٹورنامنٹ متاثر ہوا ہے وہیں ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کی تیاری بھی متاثر ہوئی ہے اور شائقین کرکٹ بھی پریشان ہیں۔سمرسیٹ کاﺅنٹی کے اس گراﺅنڈ کو دفاعی عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور پاکستان کے میچ کی میزبانی کرنا ہے،ناٹنگھم میں ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو14رنز سے ہرانے کے بعد پاکستانی ٹیم کو گراﺅنڈ میں کرکٹ نہیں مل سکی ہے۔

برسٹل میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش سے منسوخ ہوچکا ہے۔خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ بھی بارش کی نذر ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے میچ والے دن بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔پاکستانی ٹیم نے اب تک 3 میچوں میں3 پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ویسٹ انڈیز کےخلاف105کے معمولی سکور پر آﺅٹ ہوکر پاکستان میچ 7 وکٹ سے ہار گیا تھا جبکہ مایوس کن کارکردگی کے بعد حیران کن طور پر پاکستانی ٹیم نے ناٹنگھم میں کم بیک کیا اور انگلینڈ کے خلاف 348رنز بناکر میچ جیت لیا۔سری لنکا کےخلاف میچ منسوخی سے کپتان سرفراز احمد ناخوش دکھائی دیے، ان کی خواہش تھی کہ آسٹریلیا کےخلاف میچ سے قبل دو فتوحات حاصل کرلیتے لیکن موسم ہمارے اختیار میں نہیں ہے ۔
وقت اشاعت : 11/06/2019 - 18:32:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :