پاکستان کو نئی گیند سے وکٹ لینے والا باﺅلر چاہئے : وسیم اکرم

آسٹریلیا کیخلاف میچ میں ابتدا میں جلد وکٹیں لینا اہم ہوگا :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 جون 2019 12:24

پاکستان کو نئی گیند سے وکٹ لینے والا باﺅلر چاہئے : وسیم اکرم
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12جون2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو نئی گیند سے وکٹ لینے والا بولر چاہئے ، آسٹریلیا کیخلاف میچ میں ابتدا میں جلد وکٹیں لینا اہم ہوگا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ محمد عامر اچھا پرفارم کررہے ہیں اب وقت ہے کہ حسن علی بھی آگے آکر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ابتدائی کھلاڑی رنز کریں ، فخر ، بابر اور امام میں سے کسی ایک کا کم از کم اسی رنز کرنا ضروری ہے تاکہ ٹیم کو بڑا اسکور کرنے کا بیس مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان اب سینئر ہوگئے ہیں، ان کو اب ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرنا ہوگی، ہر گیند کوآگے نکل کر نہیں کھیل سکتے، میریٹ پر گیند ہو تو ہٹ کریں ، بابر اور امام تکنیکی طور پر اچھے بیٹسمین ہیں۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم نے کہا کہ اگر شاہین شاہ آفریدی کو کھلانا ہے تو پہلے میچ سے ہی کھلایا جانا بہتر ہوتا ، ان کی نظر میں شاہین کو شروع ہی سے حسن کی جگہ سکواڈ میں ہونا چاہیے تھا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم انڈیا سے میچ ہارکر آرہی ہے اور پاکستان اس صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتا ہے لیکن اسے یہ بھی معلوم ہونا چاہے کہ آسٹریلیا زخمی شیر کی طرح بھی وار کرسکتا ہے۔ سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہونیوالی سیریز کا ورلڈ کپ کے میچ پر اثر نہیں ہوگا، ورلڈ کپ میں پاکستان تجربات کررہا تھا اب ٹیم کے سینیئر پلیئرز واپس آگئے ہیں ، مقابلہ تگڑا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ کے بارے میں یہی اطلاع ہے کہ اس پر کچھ گھاس موجود ہے اور موسم کی وجہ سے کچھ نمی بھی ہوگی ،ایسے میں ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بولنگ ہی کرے گی۔
وقت اشاعت : 12/06/2019 - 12:24:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :