ورلڈکپ 2019 ، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو 41رنز سے شکست دیدی

محمد عامر کے 5شکار رائیگاں،ڈیوڈ وارنر کی سنچری،فنچ کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 جون 2019 22:00

ورلڈکپ 2019 ، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو 41رنز سے شکست دیدی
ٹانٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12جون2019ء) ورلڈکپ 2019 ءکے سترہویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو41 رنز سے شکست دیدی ہے ۔ 308 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز اچھا آغاز نہ دے سکے اور فخر زمان بغیر کھاتہ کھولے پیٹ کمنز کی گیند پر رچرڈسن کو باﺅنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے۔فخرزمان کے آﺅٹ ہونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لئے بابر اعظم میدان میں اترے اور دونوں بیٹسمینوں نے پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔

56 کے سکور پر 7 دلکش چوکے لگانے والے بابر اعظم 30 رنز بناکر کولٹر نائل کا شکار بن گئے۔امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، وہ 53 رنز کی اننگز کھیل کرآﺅٹ ہوئے۔محمد حفیظ 46 رنز بناکر فنچ کی گیند پر سٹارک کو کیچ دے بیٹھے، اس وقت ٹیم کا مجموعی سکور 145 رنز تھا،ابھی سکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ نئے آنےوالے بیٹسمین شعیب ملک بغیر کھاتہ کھولے کمنز کی گیند کی پر وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے،آصف علی بھی آسٹریلوی بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکے اور صرف تین رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

(جاری ہے)

حسن نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے صرف 15 گیندوں پر 32 رنز بنائے، وہ زور دار چھکا لگانے کی کوشش میں رچرڈسن کی گیند پر عثمان خواجہ کو باﺅنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے۔ وہاب ریاض نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ملکر آٹھویں وکٹ کیلئے64رنز جوڑے جسکے بعد وہاب45رنز کی عمدہ بار کھیل کر سٹارک کے ہاتھوں پوویلین لوٹے،محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے،اس سے قبل ٹانٹن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلوی اوپنرز نے پاکستانی باﺅلرز کےخلاف 146 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا،کپتان ایرون فنچ نے 82 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ محمد عامر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔

دوسرے آﺅٹ ہونےوالے بیٹسمین سٹیو سمتھ تھے جو 10 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔نئے آنےوالے بیٹسمین گلین میکسویل زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 گیندوں پر 20 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،اس دوران ڈیوڈ وارنز نے اپنی سنچری مکمل کی جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ان کی 15 ویں سنچری ہے،وارنر 107 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

عثمان خواجہ18اور شان مارش 23رنز بنا کر عامر کا شکار بنے،کورٹنائل محض2رنز بنا وہاب ریاض کی گیند پر پوویلین لوٹے،کمنز کی اننگز کا خاتمہ حسن علی نے2رنز پر کیا،عامر نے کیری کو آﺅٹ کرکے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی ،پاکستانی بولرز نے آخری سات اوورز میں صرف 19 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور دفاعی چیمپئن کو 307 رنز پر آﺅٹ کر دیا۔ آسٹریلیا جانب سے ڈیوڈ وارنز 107 اور ایرون فنچ نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ عامر کے ون ڈے کیریئر میں پہلا موقع تھا جب انہوں نے پانچ کھلاڑی آﺅٹ کیے۔
وقت اشاعت : 12/06/2019 - 22:00:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :