ایف ایم سی انٹرنیشنل مین سکواش چیمپئن شپ طیب اسلم نے جیت لی

ہفتہ 15 جون 2019 19:16

ایف ایم سی انٹرنیشنل مین سکواش چیمپئن شپ طیب اسلم نے جیت لی
لاہور۔15 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے تعاون سے ایف ایم سی انٹرنیشنل مین سکواش چیمپئن 2019ء طیب اسلم نے جیت لی۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد دانش اطلس خان کو شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں جاری ایف ایم سی انٹرنیشنل مقابلوں کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی صدر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، خزانچی طارق صدیق رانا ، پاکستان سکواش فیڈریشن سے طاہر خانزادہ، پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے ریفریز اور کوچز کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ طیب اسلم نے دانش اسلم کو 3-0 سے شکست دی، پہلی گیم طیب نے 11/8 سے جیتی جبکہ دوسری گیم میں طیب نے دانش کو 11/6 سے شکست دیدی جبکہ تیسری گیم میں طیب اسلم نے دانش کو 11-4 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔

(جاری ہے)

اس طرح ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ طیب اسلم نے آٹھوں نمبر کے دانش اطلس کو 11/8, 11/6, 11/4 سے ہرا دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس این جی پی ایل کے طیب اسلم کا کہنا تھا کہ محنت کی اور جیتا۔کوچز اور پنجاب سکواش ایسوسی کا شکریہ جنہوں نے ہمیشہ سے سپورٹ کیا۔ دانش اطلس کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ بعد سکواش کا بڑا ٹورنامنٹ کھیلا اور فائنل میں پہنچا، امید ہے کہ محنت کروں گا اور اگلا ٹورنامنٹ جیتنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

فائنل میں طیب نے اچھی گیم کھیلی اور فائنل جیت لیا۔ مہمان خصوصی صدر پنجاب سکواش ڈاکٹر ندیم مختار کا کہنا تھا کہ پنجاب سکواش نے تمام سکواش کورٹس کو اپ گریڈ کیا۔ جونیئر اور سینئر بچوں کو سپورٹ کیا جس کی وجہ سے سینئر اور جونیئر رینکنگ میں پنجاب کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
وقت اشاعت : 15/06/2019 - 19:16:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :