زیادہ ون ڈے چھکے ،این مورگن نے روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا

مورگن نے افغانستا ن کےخلاف 17چھکے لگائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 جون 2019 18:19

زیادہ ون ڈے چھکے ،این مورگن نے روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار۔ 18جون2019ء) انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ون ڈے اننگزمیں17 چھکے لگا کر بھارتی اوپنر روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ءکے 24 ویں میچ میں این مورگن نے افغانستان کے خلاف برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 71 گیندوں پر 148 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 17چھکے شامل تھے، جو کسی بھی بیٹسمین کے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کی تعداد ہے۔

اس سے قبل بھارت کے روہت شرما نے نومبر 2013ءمیں آسٹریلیا کے خلاف بنگلورمیں 209 رنز کی اننگز میں 16 چھکے لگائے تھے۔جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیولیئرز نے 2015ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف16ہی چھکے لگائے تھے جب کہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے ورلڈ کپ 2015ءمیں زمبابوے کےخلاف 16 مرتبہ گیند باﺅنڈری کے پار پہنچایا تھا ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے شین واٹسن نے 2011ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف میر پور میں15چھکے رسید کیے تھے ۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ کے گروپ سٹیج کے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو جیت کے لیے 398رنزکا بڑا ہدف دیدیا ہے ۔ مانچسٹر کے اولڈٹریفورڈ گراﺅنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ انگلش کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونس اور جونی بیئرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ دونوں اوپنرز نے ایک محتاط انداز میں میں اننگز کا آغاز کیا تاہم جیمز ونس دسویں اوور میں 44 کے مجموعی سکور پر 26 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔

انھیں دولت ڈدران کی گیند پر مجیب الرحمان نے کیچ کیا،اس کے بعد جونی بیرسٹو اور جو روٹ نے 120 رنز کی شاندار شراکت کی۔ بیرسٹو 90 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔اس موقع پر کپتان این مورگن اپنے ساتھی کھلاڑی جو روٹ کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے اور57گیندوں پر دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ کی چوتھی تیز ترین سنچری مکمل کرڈالی،روٹ اور مورگن نے تیسری وکٹ کے لیے 189رنز جوڑے جس کے بعد روٹ88رنز بناکر بڑی شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے آﺅ ٹ ہوئے،این مورگن 4چوکوں اور17چھکوں کی مددسے148رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے،جوز بٹلر صرف2رنز بنا سکے،بین سٹوکس بھی2رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،افغان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور حضرت اللہ زازئی، حامد حسن، آفتاب عالم کی جگہ نجیب اللہ زادران، مجیب الرحمٰن اور دولت زادران کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں انجری کے شکار جیسن روئے اور لیام پلنکٹ کی جگہ جیمز وینس اور معین علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 18/06/2019 - 18:19:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :