ورلڈ کپ ، انگلینڈ نے افغانستا ن کو 150رنز سے ہرا دیا

این مورگن کی دھواں دھار سنچری، روٹ اور بیئر سٹو کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 جون 2019 22:15

ورلڈ کپ ، انگلینڈ نے افغانستا ن کو 150رنز سے ہرا دیا
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار۔ 18جون2019ء) ورلڈکپ کے گروپ سٹیج کے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو 150رنز سے شکست دیدی ہے ۔ مانچسٹر کے اولڈٹریفورڈ گراﺅنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 398رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی جانب سے نور علی زدران اور گلبدین نائب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دوسرے اوور میں ہی نور علی زدران بغیر کوئی رن بنائے جوفرا آرچر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد رحمت شاہ اور گلبدین نائب نے 48 کی شراکت قائم کی۔ گلبدین نائب 12ویں اوور میں 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔رحمت شاہ اپنی نصف سنچری سے صرف چار رنز قبل 46 کے سکور پر عادل رشید کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔اصغر افغان بھی اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 44 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد محمد نبی آئے اور انھوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر زبردست چھکا تو مار لیا مگر 9 سکور بنا کر وہ بھی آﺅٹ ہوگئے۔

افغانستان کے سب سے کامیاب بلے باز ہشمت اللہ شاہدی رہے ہیں جو 76 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔اس سے قبل انگلش کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونس اور جونی بیئرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ دونوں اوپنرز نے ایک محتاط انداز میں میں اننگز کا آغاز کیا تاہم جیمز ونس دسویں اوور میں 44 کے مجموعی سکور پر 26 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔

انھیں دولت ڈدران کی گیند پر مجیب الرحمان نے کیچ کیا،اس کے بعد جونی بیرسٹو اور جو روٹ نے 120 رنز کی شاندار شراکت کی۔ بیرسٹو 90 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔اس موقع پر کپتان این مورگن اپنے ساتھی کھلاڑی جو روٹ کا ساتھ دینے کےلئے میدان میں آئے اور57گیندوں پر دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ کی چوتھی تیز ترین سنچری مکمل کرڈالی،روٹ اور مورگن نے تیسری وکٹ کے لیے 189رنز جوڑے جس کے بعد روٹ88رنز بناکر بڑی شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے آﺅ ٹ ہوئے،این مورگن 4چوکوں اور17چھکوں کی مددسے148رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے،جوز بٹلر صرف2رنز بنا سکے،بین سٹوکس بھی2رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،انگلش کپتان مورگن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 57 گیندوں پر سنچری اسکور کی جو کہ ورلڈکپ کی تاریخ کی چوتھی اور رواں عالمی کپ کی اب تک کی تیز ترین سنچری ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی انگلش بیٹسمین کی جانب سے عالمی کپ میں بنائی گئی تیز ترین سنچری بھی ہے۔انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 397 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل کھڑا کیا، افغانستان کی جانب سے راشد خان سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 110 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی، پیسر زردان اور گلبدین نائب نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

افغان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور حضرت اللہ زازئی، حامد حسن، آفتاب عالم کی جگہ نجیب اللہ زادران، مجیب الرحمٰن اور دولت زادران کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں انجری کے شکار جیسن روئے اور لیام پلنکٹ کی جگہ جیمز وینس اور معین علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گار ہے اور اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم ابتک ایونٹ میں 4 میچز کھیل چکی ہے اور اسے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر انگلینڈ کی ٹیم کی صورتحال کچھ مختلف ہے جس نے بھی 4 میچز کھیلے ہیں لیکن اسے 3 میں کامیابی ملی جبکہ صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وقت اشاعت : 18/06/2019 - 22:15:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :