انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی میں ہنگامی طور پر اضافہ کردیا گیا

بھارت کیخلاف شکست کے بعد سے قومی کرکٹرز اپنے ہوٹل کے کمروں تک محدود ہو کر رہ گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 19 جون 2019 00:07

انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی میں ہنگامی طور پر اضافہ کردیا گیا
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جون 2019ء) انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی میں ہنگامی طور پر اضافہ کردیا گیا، بھارت کیخلاف شکست کے بعد سے قومی کرکٹرز اپنے ہوٹل کے کمروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی میں ہنگامی طور پر اضافہ کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پے درپے شکستوں کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو شائقین کرکٹ کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس صورتحال میں کھلاڑیوں کیلئے سیکورٹی رسک بھی پیدا ہو گیا ہے۔ اسی باعث کھلاڑیوں کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ بھارت کیخلاف شکست کے بعد سے قومی کرکٹرز بھی اپنے ہوٹل کے کمروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ ٹیم مینیجمنٹ نے لندن پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کو 2 دن کی چھٹی دی ہے، تاہم اس کے باوجود کھلاڑی اپنے کمروں تک محدود رہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے انگلینڈ میں ورلڈکپ کیلئے موجود قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے رابطہ کیا ہے۔

چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے بذریعہ ٹیلی فون قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے رابطہ کیا۔ اس دوران چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے طویل گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو تلقین کی ہے کہ وہ میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کو کسی قسم کی توجہ نہ دیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے سرفراز احمد کو کہا ہے کہ وہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی اپنی مکمل توجہ ورلڈکپ کے بقیہ میچز پر مرکوز رکھیں۔

کھلاڑیوں پر میڈیا کی خبروں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ احسان مانی کی تلقین کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو یقین دلایا کہ وہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی ورلڈکپ کے آئندہ میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اب تک ورلڈکپ کے 5 میچز میں سے 3 میں شکست کھا چکی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا، ویسٹ انڈیزاور بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔ اب پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کیلئے پاکستان کو اب اپنے تمام بقیہ میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔
وقت اشاعت : 19/06/2019 - 00:07:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :