قومی کرکٹ ٹیم 2 واضح گروپس میں تقسیم ہوگئی

ایک گروپ سرفراز احمد کا ہے جس میں فخر زمان، حارث سہیل، شاداب خان، حسن علی سمیت محمد عامر شامل جبکہ شعیب ملک گروپ میں امام الحق، بابر اعظم، آصف علی اور عماد وسیم شامل ہیں

muhammad ali محمد علی بدھ 19 جون 2019 23:19

قومی کرکٹ ٹیم 2 واضح گروپس میں تقسیم ہوگئی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء) قومی کرکٹ ٹیم 2 واضح گروپس میں تقسیم ہوگئی، ایک گروپ سرفراز احمد کا ہے جس میں فخر زمان، حارث سہیل، شاداب خان، حسن علی سمیت محمد عامر شامل جبکہ شعیب ملک گروپ میں امام الحق، بابر اعظم، آصف علی اور عماد وسیم شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے دوران پے درپے شکستوں کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے 2 گروپس میں تقسیم ہو جانے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم 2 واضح گروپس میں تقسیم ہوگئی ہے۔ ایک گروپ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ہے جس میں فخر زمان، حارث سہیل، شاداب خان، حسن علی سمیت محمد عامر شامل جبکہ دوسرا گروپ سینئر آل راونڈر شعیب ملک کا ہے۔ شعیب ملک کے گروپ میں امام الحق، بابر اعظم، آصف علی اور عماد وسیم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سرفراز احمد گروپ کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جبکہ شعیب ملک گروپ کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کی حمایت حاصل ہے۔

دوسری جانب ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 بڑی تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ مسلسل مایوس کن کارکردگی دکھانے والے سینئر آل راونڈر شعیب ملک کو ڈراپ کر دیے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ کپتان سرفراز احمد کیساتھ جھگڑا ہونے پر عماد وسیم کو بھی ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔ شعیب ملک اور عماد وسیم کی جگہ حارث سہیل اور محمد آصف کی شمولیت کا امکان ہے۔

پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کیلئے پریکٹس کا آغاز 20 جون کل سے کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اب تک ورلڈکپ کے 5 میچز میں سے 3 میں شکست کھا چکی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا، ویسٹ انڈیزاور بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔ اب پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کیلئے پاکستان کو اب اپنے تمام بقیہ میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔ کسی ایک بھی میچ میں شکست ہونے پر پاکستان سیمی فائنل مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔
وقت اشاعت : 19/06/2019 - 23:19:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :