قومی ٹیم میں اختلافات، سرفراز احمد نے چپ کا روزہ رکھ لیا

ایسے سوالات میڈیا منیجر سے پوچھیں،قومی کپتان کا صحافیوں کو جواب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جون 2019 11:57

قومی ٹیم میں اختلافات، سرفراز احمد نے چپ کا روزہ رکھ لیا
لندن (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20جون2019ء) ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم میں اختلافات اور گروپ بندی کی خبریں زیر گردش ہیں اور اس صورت حال پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی میڈیا کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ورلڈ کپ میں پے در پے شکستوں کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد کو شدید تنقید کا سامنا ہے جب کہ یہ خبریں بھی زبان زدعام ہیں کہ ٹیم میں گروپنگ اور سرفراز احمدکی کپتانی کے خلاف سازشیں جاری ہیں اور کھلاڑی ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بھی نالاں ہیں۔

(جاری ہے)

اس صورت حال میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جب لندن پہنچے تو انہیں صحافیوں نے گھیر لیا اور سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔قومی ٹیم میں اختلافات سے متعلق سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ یہ سوال آپ قومی ٹیم کے میڈیا منیجر رضا سے پوچھیں، پھر بات کر لیں گے، جس کے بعد مزید کچھ کہے بغیر سرفراز احمد اپنے بیٹے عبداللہ کو گود میں لے کر ہوٹل روانہ ہو گئے۔ یاد رہے کہ بھارت کے خلا ف شکست کے بعد قومی کپتان سرفراز احمد نے میٹنگ میں اپنے خلاف ٹیم میں گروپنگ کا الزام لگایا تھا ، ان کاکہنا تھا کہ کوئی یہ نہ سوچے کہ میں اکیلا جاﺅں گا،اگر میں جاﺅں گا تو بہت سے اور لوگ بھی میرے ساتھ ہی گھر جائیں گے ۔ 

وقت اشاعت : 20/06/2019 - 11:57:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :