برطانیہ سے قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق بالآخر کوئی مثبت خبر

پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف اتوار کو شیڈول میچ کی تیاری شروع کردی، اختلافات کی خبروں کے برعکس پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑی مل جل کر پریکٹس کرتے نظر آئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 20 جون 2019 23:33

برطانیہ سے قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق بالآخر کوئی مثبت خبر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2019ء) برطانیہ سے قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق بالآخر کوئی مثبت خبر، پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف اتوار کو شیڈول میچ کی تیاری شروع کردی، اختلافات کی خبروں کے برعکس پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑی مل جل کر پریکٹس کرتے نظر آئے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے سلسلے میں اتوار 23 جون کو جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔

جمعرات کے روز قومی ٹیم نے لارڈز میں3 گھنٹے طویل پریکٹس سیشن کیا۔ مانچسٹر میں ہونے والے ورلڈ کپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم دو دن کرکٹ سے دور رہی تاہم اب 2 روز آرام کرنے کے بعد قومی کرکٹرز ایک بار پھر جمعرات کو ایکشن میں آئے اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی۔

(جاری ہے)

پریکٹس سیشن کے دوران اختلافات کی خبروں کے برعکس کھلاڑی مل جل کر پریکٹس کرتے نظر آئے۔

کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کے دوران فیلڈنگ میں بہتری لانے کی کوشش کی۔ جبکہ بولنگ کوچ اظہر محمود نوجوان فاسٹ بولر حسن علی کے ساتھ خصوصی محنت کرتے دکھائی دیے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم جمعہ کو بھی ٹریننگ سیشن منعقد کرے گی۔ دوسری جانب پاکستان سے مقابلے کیلئے جنوبی افریقا کی ٹیم بھی لندن پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دنیا کے مختلف ممالک میں اب تک ہونے والے ون ڈے میچز میں جیت کے حوالے سے جنوبی افریقہ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک مجموعی طور پر 78 ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان کی ٹیم نے 27 میچز میں فتح حاصل کی اور 50 میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ انگلینڈ کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے ایک میں پاکستان نے فتح حاصل کی اور دو میں اسے شکست ہوئی ۔ جبکہ عالمی کپ کے مقابلوں میں بھی جنوبی افریقہ نے 3 جبکہ پاکستان نے ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے۔
وقت اشاعت : 20/06/2019 - 23:33:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :