جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

شعیب ملک اور حسن علی کی جگہ حارث سہیل اور شاہین آفریدی کو چانس ملے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 جون 2019 20:37

جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22جون2019ء) ایسا لگ رہا کہ شعیب ملک کا انٹر نیشنل کیریئر اب ختم ہوگیا ہے،آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف صفرپر آﺅٹ ہونے کے بعد سابق کپتان کو یقینی طور پر لارڈز میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ڈراپ کردیا جائے گا۔شعیب ملک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے ون ڈے سے بھی ریٹائرمنٹ لی ہوئی ہے، 37سال کی عمر میں ان کی ٹی ٹونٹی ٹیم میں شمولیت ناممکن دکھائی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

5 میں سے3 میچ ہارنے کے بعد اب پاکستانی ٹیم کے لیے بھی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف اس اہم مقابلے کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی جائیں گی۔شعیب ملک کو خراب فارم کی وجہ سے ڈراپ کردیا جائے گا اور ان کی جگہ حارث سہیل لیں گے جو آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں دو سنچریاں بنا چکے ہیں۔

ایک اور آﺅٹ آف فارم کھلاڑی حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی لیں گے، حسن علی ورلڈ کپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مستقبل کا فیصلہ اتوار کی شام کو لارڈز میں جنوبی افریقہ کے ساتھ ہونے والے میچ کے نتائج سے ہوجائے گا۔یہ میچ ہارنے کی صورت میں قومی ٹیم کو گھر واپسی کاٹکٹ کٹوانا پڑےگا۔
وقت اشاعت : 22/06/2019 - 20:37:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :