ورلڈ کپ،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے309 رنزکاہدف دیدیا

حارث سہیل کی89رنز کی دھواں دھار اننگز،بابر اعظم کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 جون 2019 18:22

ورلڈ کپ،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے309 رنزکاہدف دیدیا
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23جون2019ء) ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں سابق عالمی چیمپئن پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 309رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ لارڈز کے تاریخی گراﺅنڈ میں پاکستان ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف ٹورنامنٹ میں بقاءکی جنگ لڑ رہی ہے،کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے پراعتماد انداز اپناتے ہوئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو81رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فخر زمان 44رنز بنا کر غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کر عمران طاہر کا شکار بنے گئے ،امام الحق بھی اپنے آغاز کو لمبی اننگز میں نہ بدل پائے اور عمران طاہر نے امام الحق کا44رنز پر زبردست کیچ لیکر انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔

(جاری ہے)

حفیظ اور بابر نے تیسری وکٹ کیلئے45رنز جوڑے جس کے بعد حفیظ20رنز بنا کر مارکرم کا شکا ر بنے، بابر اعظم نے اپنی دوسری ورلڈ کپ نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 69رنز بنا کر پھیلکوایو کے ہاتھوں پوویلین لوٹے،عماد وسیم اور حارث سہیل نے39گیند وں پر71رنز شاندار شراکت داری قائم کی جس کے بعد عماد23رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،وہاب ریاض بھی4رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،حارث سہیل 9چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 59گیندوں پر89رنز کے شاندار باری کھیل کر پوویلین لوٹے،حارث سہیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب نگیدی نے3، عمران طاہر نے 2 اور ایڈن مارکرام اور پھیلکوایو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، تجربہ کار آل راﺅنڈر شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل اور فاسٹ باﺅلر حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

میگا ایونٹ میں قومی ٹیم ابتک 5 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں کامیابی، 3 میں شکست اور 1میچ بارش کی نذر ہوا جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 3 پوائنٹس کےساتھ نویں نمبر پر ہے۔جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 6 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پروٹیز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کےلئے پروٹیز سے فتح حاصل کرنا ضروری ہے جسکے بعد بھی اگر مگر کا سلسلہ جاری رہے گا۔جنوبی افریقا کےخلاف میچ میں حسن علی اور شعیب ملک کا ڈراپ ہونا یقینی ہے اور انکی جگہ حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیے جانےکا امکان ہے۔ایونٹ میں رہنے سے متعلق پاکستان ٹیم کیلئے اگر مگر کا چکر مزید دلچسپ ہو گیا ہے، ٹیم کو نہ صرف اگلے تمام میچ اچھے مارجن سے جیتنا ہوں گے بلکہ شائقین کو انگلینڈ کے اگلے میچوں میں ہار کی دعائیں بھی مانگنا ہوں گی۔

پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں پاکستان مداحوں کی جانب سے طعنوں اور جملے بازی کا سامنا ہے، یہاں تک کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بھی مقامی شاپنگ مال میں نوجوان نے بدتمیزی کی۔
وقت اشاعت : 23/06/2019 - 18:22:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :