آئی سی سی ورلڈ کپ، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے ہرا کر کم بیک، پروٹیز ٹیم شکست کے بعد عالمی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی

گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 308 رنز بنائے، 81 رنز کا جاندار آغاز ملنے کے بعد حارث نے 89 اور بابر نے 69 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 259 رنز بنا سکی، ڈوپلیسی کی ففٹی بھی ٹیم کے کام نہ آئی، شاداب اور وہاب کی 3، 3 اور عامر کی 2 وکٹیں لیں، حارث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 23 جون 2019 22:45

آئی سی سی ورلڈ کپ، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے ہرا کر کم بیک، پروٹیز ٹیم شکست کے بعد عالمی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی
لارڈز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2019ء) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، پانچویں شکست کے ساتھ ہی جنوبی افریقن ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے، 81 رنز کا جاندار آغاز ملنے کے بعد حارث سہیل اور بابر اعظم نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 89 اور 69 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 259 رنز بنا سکی، ڈوپلیسی کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی بلے باز گرین شرٹس کے بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، ڈوپلیسی نے 63 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، شاداب اور وہاب ریاض نے 3، 3 اور عامر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، حارث سہیل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

اتوار کو ورلڈ کپ میں کھیلے گئے 30ویں میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، فخر زمان اور امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 81 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا یہاں پر عمران طاہر نے فخر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 44 رنز بنائے، 98 کے سکور پر امام الحق بھی 44 رنز بنانے کے بعد عمران کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد بابر اعظم نے حفیظ کے ساتھ مل کر سکور 143 تک پہنچا دیا، یہاں پر حفیظ 20 رنز بنا کر مرکرم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس موقع پر حارث سہیل نے بابر کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 81 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 224 تک پہنچا دیا، یہاں پر بابر جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 69 رنز بنانے کے بعد فیلک وایو کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد عماد وسیم نے حارث کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے مل کر پانچویں وکٹ میں 71 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 295 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن کی مستحکم کی، عماد 23 رنز بنا کر نگیڈی کی گیند کا نشانہ بنے، وہاب ریاض 4 رنز بنا سکے، انہیں بھی نگیڈی نے اپنا شکار بنایا، 307 کے سکور پر گرین شرٹس کی ساتویں وکٹ گری جب حارث جنہوں نے انتہائی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنا دیا، انہیں بھی نگیڈی نے اپنا شکار بنایا، سرفراز 2 اور شاداب 1 رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

جواب میں جنوبی افریقن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 9 وکٹوں پر 259 رنز بنا سکی، ہدف کے تعاقب کیلئے جنوبی افریقن ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور دوسرے ہی اوور میں عامر نے ہاشم آملہ کو آئوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، وہ 2 رنز بنا سکے، اس موقع پر ڈی کوک اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور 91 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ گرین شرٹس کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ شاداب خان نے ڈی کوک کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، انہوں نے 47 رنز بنائے، ایڈن مرکرم 7 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر بولڈ ہوئے، 136 کے سکور پر پروٹیز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ڈوپلیسی 63 رنز بنانے کے بعد عامر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد ریسی وانڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے پاکستانی ٹیم کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی لیکن 189 کے سکور پر شاداب خان نے ڈوسن کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 36 رنز بنائے، اگلے اوور میں شاہین آفریدی نے ملر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 31 رنز بنائے، کرس مورس 16 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے، ربادا 3 رنز بنا کر وہاب کی گیند پر بولڈ ہوئے، نگیڈی 1 رن بنا کر وہاب کی گیند کا نشانہ بنے، فیلک وایو 46 اور عمران طاہر ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، وہاب اور شاداب نے تین، تین جبکہ عامر نے 2 اور شاہین آفریدی نے ایک وکٹ لی۔

اس مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کی دوسری ٹیم بن گئی جو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے بھارت سے شکست کے بعد افغانستان کی ٹیم بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔
وقت اشاعت : 23/06/2019 - 22:45:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :