حارث سہیل کے بارے میں صحافی کے سوال پر مکی آرتھر کا منہ توڑ جواب

حارث نے شاندار باری کھیلی،کھلاڑیوں کے بارے میں کبھی مثبت بھی لکھا کریں:ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 جون 2019 14:28

حارث سہیل کے بارے میں صحافی کے سوال پر مکی آرتھر کا منہ توڑ جواب
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24جون2019ء) پاکستان نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنا سفر جاری رکھا ہواہے تاہم سیمی فائنل میں ممکنہ رسائی کیلئے اچھے رن ریٹ کے ساتھ اگلے تینوں میچ جیتنا بھی لازمی ہے لیکن گزشتہ روز کی کامیابی میں حارث سہیل کا بڑا کردارہے۔میچ میں کامیابی کے بعد کوچ مکی آرتھر نے پریس کانفرنس کی جس دورا ن ایک صحافی نے حارث سہیل کی اننگ سے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ ” حارث سہیل 30 ویں اوور میں آئے اور وہ 60 سے 70 منٹ وکٹ پر گزارنے کے بعد تھکے ہوئے نظر آئے اور آخری تین اوورز میں تین وکٹیں باقی ہونے کے باوجود صرف 20 رنز ہی بن پائے ؟“۔

مکی آرتھر نے صحافی کا سوال سننے کے بعد شدید حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ” آپ حارث کے بارے میں بات کر رہے ہیں ؟ اس نے آج 59 گیندوں پر 89 رنز کی اننگ کھیلی ، پلیئرز کے بارے میں منفی بات کیوں کرتے ہیں ، آج میں نے اب تک کی سب سے بہترین اننگ دیکھی ہے ، برائے مہربانی مثبت رویہ اختیار کریں۔

(جاری ہے)

“اس کے علاوہ کوچ مکی آرتھر نے حارث سہیل کی اننگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، میں سمجھتاہوں کہ وہ ہمارے ٹاپ تھری بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ حارث نے اس کے علاوہ اپنی فٹنس اور فیلڈنگ پر بہت زیادہ توجہ دی ہے اور بہتری لائے ہیں اور آج انہیں اس کا صلہ بھی مل گیا ہے۔
وقت اشاعت : 24/06/2019 - 14:28:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :