جونیئر پلیئرز، ورلڈ جونیئر اور ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے ٹائٹل جیتیں گے،جان شیر خان

پیر 24 جون 2019 15:08

جونیئر پلیئرز، ورلڈ جونیئر اور ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے ٹائٹل جیتیں گے،جان شیر خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پاکستان جونیئر پلیئرز ،ورلڈ جونیئر اور ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے ٹائٹل جیتیں گے ۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جان شیر خان نے کہاکہ پاکستانی جونیئر کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور وہ ٹائٹل جیت سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ 1986 میں جان شیر خان نے جونیئر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا تھا لیکن اس کے بعد بد قسمتی سے کوئی پاکستانی ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ نہیں جیتا ۔ مسلسل 10 سال تک سکواش کی دنیا میںنمبر1 رہنے والے قومی ہیرو جان شیر خان نے اُمید کی ہے کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کی انتھک محنت سے مصر میں لگا تار دو تین ماہ سے پاکستانی جونیئر پلیئرز جسطرح کی سخت ٹریننگ کر رہے ہیں اُس کو دیکھتے ہوئے اُمید ہے کہ مصر کی ٹریننگ اور پاکستانی کوچز کی ٹریننگ سے پاکستانی جونیئر پلیئرز ان دونوں بڑے ٹورنامنٹس میں اپنے احداف حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے اور مذکورہ بالا ٹورنامنٹس میں پاکستانی پلیئرز کی کارکردگی سے پاکستان سکواش فیڈریشن کے کوچز اور ڈائریکٹر سکواش اکیڈمی کی کارکردگی سامنے آئے گی اور اُنکی حوصلہ افزائی ہو گی۔

(جاری ہے)

8 مرتبہ کے ورلڈ اوپن کے ریکارڈ ہولڈر جان شیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے پریذیڈنٹ ، چیف آف ایئر سٹاف اور سینئر وائس پریذیڈنٹ سکواش کے میدان میں پاکستان کا دنیا بھر میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں جو کوششیں کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ اُمید ہے کہ اگر اسی طرح کوششیں جاری رہیں تو پاکستان سکواش میں بہت جلد اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
وقت اشاعت : 24/06/2019 - 15:08:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :