حارث سہیل کی پہلے ہماری ٹیم کمبی نیشن میں جگہ نہیں بن رہی تھی :سرفراز احمد

امید ہے کہ یہ اننگزان کے کیریئر کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوگی:قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 جون 2019 11:15

حارث سہیل کی پہلے ہماری ٹیم کمبی نیشن میں جگہ نہیں بن رہی تھی :سرفراز احمد
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25جون2019ء) قومی کپتان سرفراز احمد گزشتہ میچز میں حارث سہیل کو نہ کھلانے کے جواز دینے لگے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ کالم میں سرفراز احمد نے تحریرکیاکہ گذشتہ میچ میں حارث سہیل کی اننگز دونوں ٹیموں میں فرق ثابت ہوئی، وہ ایک مشکل چیلنج کے طور پر ورلڈ کپ کا صرف دوسرا میچ کھیل رہے تھے، انھوں نے ایک قیمتی اننگز کھیلی اور آخری 15 اوورز میں جوز بٹلر کا انداز اختیار کیا، میچ کھیلنے کیلئے بے تاب بیٹسمین نے آغاز میں ہی مثبت انداز اختیار کیا، ان کی بابر اعظم کے ساتھ شراکت نے حریف کو دباﺅمیں لانے کا موقع فراہم کیا۔

سرفراز نے کہا کہ حارث سہیل کی کارکردگی سے یہ سوال ابھرتا ہے کہ ہم نے پہلے میچ کے بعد ان کو کیوں ڈراپ کیا؟ دراصل ہم ایک مخصوص کمبی نیشن کے ساتھ کھیلنا چاہتے تھے، اس لیے ان کی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنی،حارث بہت ٹیلنٹڈ اور مستقبل کیلئے اہم کھلاڑی ہیں، بدقسمتی سے انکا کیریئر فٹنس مسائل سے دوچار رہا، امید ہے کہ یہ اننگزکیریئر کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

سرفراز نے کہا کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر ہارتے اور جیتتے ہیں، یہی پاکستان ٹیم کی پہچان ہے اور رہے گی، جنوبی افریقہ کےخلاف فتح بھی پوری ٹیم کی کوشش کا نتیجہ ہے، ہمیں اس کی سخت ضرورت تھی، ہمارے لیے گذشتہ ہفتہ بہت مشکل رہا، ہم بھارت سے میچ بری طرح ہارے تھے جس پر تنقید ہوئی جو زیادہ تر جائز تھی۔کپتان نے کہا کہ ہم نے اسکو مثبت لیتے ہوئے مل بیٹھ کر فیصلہ کیا کہ جو ہوا اسے بھلا کر آگے بڑھیں گے اور غلطیاں نہیں دہرائیں گے،ہمیں انگلینڈ کیخلاف سری لنکا کی اپ سیٹ کامیابی نے بھی حوصلہ دیا کہ سیمی فائنل تک رسائی کے راستے کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم مثبت ذہن کے ساتھ لارڈز پہنچی اور سرخرو ہوئی، اب نیوزی لینڈ کیخلاف بھی ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، بیٹنگ میں پرفارم کرنا اور بولنگ میں ابتدائی وکٹیں لینا کامیابی کی ضمانت ہے۔
وقت اشاعت : 25/06/2019 - 11:15:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :