شکیب الحسن نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں کئی ریکارڈز پاش پاش کر دیئے

ورلڈ کپ میچز میں ہزار رنز اور 30 وکٹیں لیکر نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا، میگا ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں 400 رنز اور 10 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے، ورلڈ کپ میچ میں ففٹی اور 5 وکٹیں لیکر دنیا کے دوسرے بلے باز کا اعزاز پا لیا

منگل 25 جون 2019 16:56

شکیب الحسن نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں کئی ریکارڈز پاش پاش کر دیئے
سائوتھمٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) سٹار بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں کئی ریکارڈز پاش پاش کر دیئے، وہ ورلڈ کپ میچز میں ہزار رنز اور 30 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے، میگا ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں 400 سے زائد رنز اور 10 یا زائد وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، اس سے قبل ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں بہترین آل رائونڈ پرفارمنس کا اعزاز سابق جنوبی افریقن کرکٹر لانس کلوزنر کو حاصل تھا جنہوں نے 1999ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں 281 رنز اور 17 وکٹیں لی تھیں، اس کے ساتھ ساتھ وہ ورلڈ کپ کی مسلسل ابتدائی 5 اننگز میں ففٹی پلس کی اننگز کھیلنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بھی بن گئے، اس کے علاوہ وہ ورلڈ کپ میچ میں ففٹی اور 5 وکٹیں لینے والے دنیا کے دوسرے آل رائونڈر ہیں، اس سے قبل بھارت کے یووراج سنگھ نے 2011ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، اس کے ساتھ ساتھ شکیب ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سنچری اور 5 یا زائد وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے آل رائونڈر ہیں، اس سے قبل سابق بھارتی کرکٹر کیپل دیو اور یووراج سنگھ بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں، کیپل دیو نے 1983ء، یووراج نے 2011ء جبکہ شکیب نے رواں ٹورنامنٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا، شکیب نے افغانستان کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں ففٹی اور 5 وکٹیں لیکر کئی سابقہ ریکارڈز توڑ دیئے۔

وقت اشاعت : 25/06/2019 - 16:56:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :