ورلڈ کپ ، این مورگن بزدل اور ڈرپوک کپتان قرار

مورگن بزدلی سے کھیل رہے تھے، مچل سٹارک کی بولنگ کےخلاف گھبراہٹ کا شکار تھے:کیون پیٹرسن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 جون 2019 16:06

ورلڈ کپ ، این مورگن بزدل اور ڈرپوک کپتان قرار
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون2019ء) انگلش ٹیم ورلڈ کپ میں روایتی حریف آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد شدید دباﺅ اور تنقید کی زد میں ہے اورمیزبان انگلینڈ کے کپتان این مورگن کی جانب تمام توپوں کا رخ ہے۔ ورلڈ کپ کے 32ویں میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انگلینڈ کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے ،انگلینڈ 286 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 221 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کے سابق بیٹسمین کیون پیٹرسن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ مورگن بزدلی سے کھیل رہے تھے، مچل سٹارک کی بولنگ کےخلاف وہ گھبراہٹ کا شکار تھے۔
برطانوی میڈیا میں ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کرنے کے مورگن کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا نے مورگن کے کپتانی کے انداز اور ان کے فیصلوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ غلط فیصلوں کی وجہ سے انگلش ٹیم مشکل میں ہے اور اس کےلئے سیمی فائنل تک پہنچنا بھی مشکل ہوگیا ہے،گزشتہ رات کی بارش اور ابر آلود موسم کی وجہ سے تمام ماہرین اس پر متفق نظر آئے جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے گی۔

جب مورگن نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو خیال کیا جا رہا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنے ابتدائی اووروں میں آسٹریلیا کو نقصان پہنچا کر اسے دباﺅمیں لے آئے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا اور دونوں کینگروز اوپنرز نے 22 اووروں میں بغیر کسی نقصان 122 رنز بنا ڈالے۔
وقت اشاعت : 26/06/2019 - 16:06:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :