محمد حفیظ کو اگلے میچز کیلئے ڈراپ کیے جانے پر غور

آل راونڈر کے مسلسل تین میچز میں غیر ذمے دارانہ انداز میں آوٹ ہونے پر ٹیم مینیجمنٹ شدید نالاں

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جون 2019 00:11

محمد حفیظ کو اگلے میچز کیلئے ڈراپ کیے جانے پر غور
برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون2019ء) محمد حفیظ کو اگلے میچز کیلئے ڈراپ کیے جانے پر غور، آل راونڈر کے مسلسل تین میچز میں غیر ذمے دارانہ انداز میں آوٹ ہونے پر ٹیم مینیجمنٹ شدید نالاں۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم مینیجمنٹ سینئر آل راونڈر محمد حفیظ سے شدید نالاں ہے۔ شعیب ملک کے بعد محمد حفیظ کو بھی اگلے میچز میں باہر بٹھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد حفیظ قومی ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی ہونے کے باوجود مسلسل تین اہم ترین میچز میں انتہائی غیر ذمے دارانہ انداز میں آوٹ ہوئے اور ٹیم کو مشکلات کا شکار کر  گئے۔ محمد حفیظ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور آج نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے دوران پارٹ ٹائم باولر کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اسی باعث اب انہیں اگلے میچز میں باہر بٹھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے 33ویں میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دیکر اپنی سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں مزید بڑھا لیں ۔کیویز کے 238رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے لیے فخر زمان اور امام الحق پر مشتمل گرین شرٹس نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 19 رنز پر فخرزمان کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے جب کہ 44 کے مجموعے پر امام الحق بھی چلتے بنے، وہ 19 رنز بنا سکے۔

نئے آنے والے بیٹسمین محمد حفیظ اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 66 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا تاہم جب مجموعی سکور 110 پر پہنچا تو محمد حفیظ 32 رنز بناکر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔اس سے قبل ایجبسٹن گراﺅنڈ،برمنگھم میں کھیلا جارہا میچ ایک گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تو مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔

میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل محمد عامر کا شکار بن گئے، وہ صرف 5 رنز بناسکے،کولن منرو بھی 12رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، 38 کے مجموعے پر روز ٹیلر 3 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیندپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے،ٹام لیتھم بھی صرف ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کی تیسری وکٹ بنے ،جمی نیشم اور کین ولیمسن نے پانچویں وکٹ کیلئے37رنز جوڑے جس کے بعد ولیمسن 41رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے،نیشم اور گرینڈہوم نے پاکستانی بولرز کے سامنے بھرپور مزاحمت کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں132رنز جوڑے اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، ڈی گرینڈ ہوم 64رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے،پاکستانی بولرز نے آخری 10 اوورز میں 85 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی، نیوزی لینڈ کے آل راﺅنڈر جیمز نیشم نے بحرانی کیفیت میں شاندار بیٹنگ کی اور 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض ایک بار پھر مہنگے ثابت ہوئے، انہوں نے 10 اوورز میں 55 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ محمد عامر اس میچ میں سب سے زیادہ 67 رنز دینے والے بولر تھے۔آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گیارہ رکنی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، کپتان سرفراز، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کی جیت ضروری ہے اور اگر کیوی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔
وقت اشاعت : 27/06/2019 - 00:11:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :