ورلڈ کپ ، سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 204رنز کا ہدف دیدیا

کوئی سری لنکن بلے باز نصف سنچری نہ بنا سکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 جون 2019 18:15

ورلڈ کپ ، سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 204رنز کا ہدف دیدیا
ڈرہم(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28جون2019ء) ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 204رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ڈرہم کے چیسٹر لی سٹریٹ گراﺅنڈ میں پروٹیز ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکن ٹیم کی جانب سے مایوس کن آغاز کیا گیا۔ کپتان دیمتھ کرارتنے اور کشال پریرا نے اننگز کا آغاز کیا میچ کی پہلی ہی گیند پر کرارتنے فاسٹ بولر کگیسو رابادا کا شکار بنے اور فاف ڈوپلیسی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکن ٹیم نے سنبھلنے کی کوشش کی لیکن ڈیوائن پریٹورس نے کشال پریرا اور اویشکا فرننڈو کو پویلین کی راہ دکھائی، دونوں بلے باز بالترتیب 30، 30 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،سری لنکا کو میتھیوز کی صورت چوتھا نقصان اٹھانا پڑا، مڈل آرڈر بلے باز 29 گیندوں پر 11 رنز بنانے کے بعد مورس کا نشانہ بنے۔

(جاری ہے)

کوشل مینڈس23رنز بنا کر پریٹوریئس کی تیسری وکٹ بنے،ڈی سلوا24رنز سکور کرکے ڈومنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے،تھیسارا پریرا 21رنز بنا کر پھیلکوایو کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے،اوڈانا17رنز بنا کر ربادا کا دوسرا شکار بنے،سری لنکن ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کے لیے آج کا میچ لازمی جیتنا ہوگا جب کہ پروٹیز ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔

سری لنکن ٹیم ایونٹ میں اب تک 6میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے 2 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 2 میچز بارش کی نذر ہوئے، اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔سیمی فائنل کھیلنے کے لیے سری لنکن ٹیم کو اپنے تینوں میچز جیتنے ہوں گے، اور دو میچز میں کامیابی کی صورت میں اسے پاکستان اور انگلینڈ کے میچز پر انحصار کرنا ہوگا۔

سیمی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں پاکستان، انگلینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں بھی شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں اور ان دونوں ٹیموں کو بھی سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کے لیے ایک ایک فتح درکار ہے۔ورلڈکپ 2019 کھیلنے والی10 میں سے 3 ٹیمیں افغانستان، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

وقت اشاعت : 28/06/2019 - 18:15:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :