ورلڈ کپ ، افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 228رنز کا ہدف دیدیا

کوئی افغان بلے باز نصف سنچری نہ کرسکا،شاہین آفریدی کے 4شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 29 جون 2019 18:09

ورلڈ کپ ، افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 228رنز کا ہدف دیدیا
لیڈز(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون2019ء) ورلڈکپ 2019 ءکے اہم میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 228رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ ہیڈنگلے، لیڈز میں افغانستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔افغان بلے بازوں نے میچ کے ابتدائی اوور میں جارحانہ بیٹنگ کی تاہم شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں افغان اوپنر گلبدین نائب کو آﺅٹ کردیا، جس کے بعد آنے والے کھلاڑی حشمت اللہ شاہیدی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے،57 کے مجموعے پر اوپنر رحمت شاہ عماد وسیم کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 35 رنز بنائے،اکرام علی خیل اور اصغرافغان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64 رنز بناکر ٹیم کو پوزیشن کو بہتر کیا لیکن اصغر افغان 42 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے اکرام علی خیل کو 24 کے سکور پر پویلین واپس بھیج دیا،محمد نبی 16رنز سکور کرکے وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، نجیب اللہ اور سمیع اللہ نے ساتویں وکٹ کے لیے35رنز جوڑے جس کے بعد نجیب اللہ42رنز بنا کر شاہین کی گیند پر بولڈ ہوگئے،راشد خان8رنز بنا کر شاہین کا چوتھا شکار بنے،حامد حسن صرف ایک رن بنا کر وہاب ریاض کا دوسرا شکار بنے،قبل ازیں لیڈز میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بلے بازی ہی کرتے، اگلے میچز پر نہیں اسی میچ پر نظر ہے، افغان ٹیم کو جلد آﺅٹ کرکے ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ عالمی کپ 2019 ءمیں پاکستانی ٹیم اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے اسے 3 میں فتح ملی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش سے متاثر ہوا تھا تاہم گزشتہ 2 میچوں میں قومی ٹیم کی کارکردگی متاثر کن رہی اور گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کے ساتھ میچ سے قبل ناقابل شکست رہنے والی نیوزی لینڈ کو شکست دی تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستانی ٹیم کو اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا اور افغانستان سمیت اگلے میچ میں بنگلہ دیش کو بھی شکست سے دوچار کرنا ہوگا۔

ہیڈنگلے میں اگلے دو روز بھی موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گرم موسم کے سبب ہیڈنگلے کی وکٹ سلو ہوسکتی ہے جو دوسری بیٹنگ کے دوران وکٹ سپنرز کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 3 ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں اور تینوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم گزشتہ سال ایشیا کپ کے دوران افغانستان کے خلاف قومی ٹیم بمشکل کامیابی حاصل کر پائی تھی۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ سیمی فائنل کی اس دوڑ میں شامل رہنے کے لیے پاکستان کو نہ صرف اپنے دونوں میچز جیتنے ہوں گے بلکہ میزبان انگلینڈ کو اپنا ایک میچ لازمی ہارنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 29/06/2019 - 18:09:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :