افغانستان کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کیلئے زبردست خوشخبری

ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان چوتھے نمبر پر آگیا، سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید روشن ہوگئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 29 جون 2019 22:11

افغانستان کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کیلئے زبردست خوشخبری
لیڈز(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون2019ء)   افغانستان کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کیلئے زبردست خوشخبری، ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان چوتھے نمبر پر آگیا، سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید روشن ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے خلاف میچ میں فتح کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

ورلڈکپ کے آغاز کے بعد سے یہ پہلا  موقع ہے جب پاکستان ٹاپ 4 تک پہنچ پائی ہے۔ افغانستان سے فتح کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو3وکٹوں سے شکست دیدی ،عماد وسیم نے مشکل صورتحال میں ناقابل شکست 49 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر انہیں میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ فور ٹیموں میں جگہ بنالی ہے۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنر فخر زمان کو مجیب الرحمان نے میچ کی دوسری ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کردیا۔اننگز کی ابتداءہی میں نقصان اٹھانے کے بعد امام الحق اور نئے آنےوالے بیٹسمین بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اور محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور ٹیم کا سکور 72 رنز تک پہنچادیا۔

اس موقع پر امام الحق، محمد نبی کی گیند کو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں 36 رنز بناکر سٹمپ آﺅٹ ہوگئے ۔افغانستان کو ایک اور بڑی کامیابی اس وقت ملی جب محمد نبی نے ان فارم بیٹسمین بابر اعظم کو 45 کے سکور پر کلین بولڈ کردیا،سینئر بیٹسمین محمد حفیظ بھی افغان سپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور 35 گیندوں پر 19 رنز بناکر مجیب الرحمان کا شکار ہوگئے،ان فارم بیٹسمین حارث سہیل بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 27 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،کپتان سرفراز احمد غیرضروری طور پر دوسرا رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے، وہ 18 رنز کی اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے۔

شاداب خان اور عماد وسیم نے ساتویں وکٹ کے لیے50رنز جوڑے جس کے بعد شاداب11رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے،افغانستان کا 228 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ اس سے قبل ہیڈنگلے، لیڈز میں افغانستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔افغان بلے بازوں نے میچ کے ابتدائی اوور میں جارحانہ بیٹنگ کی تاہم شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں افغان اوپنر گلبدین نائب کو آﺅٹ کردیا، جس کے بعد آنے والے کھلاڑی حشمت اللہ شاہیدی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے،57 کے مجموعے پر اوپنر رحمت شاہ عماد وسیم کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 35 رنز بنائے،اکرام علی خیل اور اصغرافغان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64 رنز بناکر ٹیم کو پوزیشن کو بہتر کیا لیکن اصغر افغان 42 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے اکرام علی خیل کو 24 کے سکور پر پویلین واپس بھیج دیا،محمد نبی 16رنز سکور کرکے وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، نجیب اللہ اور سمیع اللہ نے ساتویں وکٹ کے لیے35رنز جوڑے جس کے بعد نجیب اللہ42رنز بنا کر شاہین کی گیند پر بولڈ ہوگئے،راشد خان8رنز بنا کر شاہین کا چوتھا شکار بنے،حامد حسن صرف ایک رن بنا کر وہاب ریاض کا دوسرا شکار بنے،قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 ، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔


وقت اشاعت : 29/06/2019 - 22:11:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :