ورلڈ کپ ، میزبان انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے338 رنز کا ہدف دیدیا

بیئر سٹو کی دھواں دھار سنچری، روئے اور سٹوکس کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 30 جون 2019 18:22

ورلڈ کپ ، میزبان انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے338 رنز کا ہدف دیدیا
برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جون2019ء) ورلڈکپ کے 38ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 338رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ برمنگھم کے ایجبسٹن گراﺅنڈ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیئرسٹو اور جیسن روئے نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد جیسن روئے 66 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔

بیئرسٹو اپنی پہلی ورلڈ کپ سنچری مکمل کرنے کے بعد 111رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے،کپتان این مورگن بھی ناکام رہے اور محض ایک رن بنا کر شامی کی دوسری وکٹ بنے،جو روٹ اور بین سٹوکس نے چوتھی وکٹ کے لیے70رنز جوڑے جس کے بعد روٹ44رنز بنا کر شامی کا تیسرا شکار بنے،جوز بٹلر8گیندوں پر 20رنز بنا کر شامی کی چوتھی وکٹ بنے،کرس ووکس7رنز بنا کر محمد شامی کا 5واں شکار بنے،سٹوکس79کی شاندار باری کھیلنے کے بعد بمراہ کا شکار بنے،ٹاس جیت کر این مورگن کا کہنا تھا کہ بھارت کےخلاف ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انگلش ٹیم میں معین علی اور جیمز ونس کی جگہ جیسن روئے اور لیام پلنکٹ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ بھارت نے وجے شنکر کی جگہ رشبھ پانٹ کو گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ کو آج لازمی بھارت کو زیر کرنا ہوگا اور شکست کی صورت میں انگلش ٹیم ایونٹ سے باہر ہوسکتی ہے جب کہ بھارت کی کامیابی اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔

آج کے میچ میں بھارتی ٹیم کی جرسی تبدیل ہوگی، دونوں ٹیموں کی وردیاں نیلی ہونے کی وجہ سے آئی سی سی قوانین کے مطابق میزبان ٹیم کی وردی وہی رہے گی اور مہمان بھارتی ٹیم کے کھلاڑی نئی وردی میں دکھائی دیں گے۔پوائنٹس ٹیبل پر بھارتی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اسکے اب بھی 3 میچز باقی ہیں، بھارت کو سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کے لیے ایک کامیابی درکار ہے۔انگلش ٹیم 7 میچز کھیل چکی ہے اور اس کے 8 پوائنٹس ہیں، انگلینڈ کے پاس دو میچز ہیں اور سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اسے اپنے دونوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے۔پاکستان کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا دار و مدار انگلینڈ کی ایک شکست اور بنگلادیش کے خلاف میچ میں کامیابی پر منحصر ہے۔ 
وقت اشاعت : 30/06/2019 - 18:22:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :