سرفراز احمد نے افغانستان کیخلاف جیت کو کریڈٹ عماد وسیم کی بجائے وہاب ریاض کو دے دیا

وہاب ریاض کے 15 رنز عماد وسیم کے 49 رنز جتنے اہم تھے، جیت میں ان کا کردار سب سے اہم تھا: قومی ٹیم کے کپتان

muhammad ali محمد علی پیر 1 جولائی 2019 20:12

سرفراز احمد نے افغانستان کیخلاف جیت کو کریڈٹ عماد وسیم کی بجائے وہاب ریاض کو دے دیا
لیڈز (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جولائی 2019ء) سرفراز احمد نے افغانستان کیخلاف جیت کو کریڈٹ عماد وسیم کی بجائے وہاب ریاض کو دے دیا، وہاب ریاض کے 15 رنز عماد وسیم کے 49 رنز جتنے اہم تھے، جیت میں ان کا کردار سب سے اہم تھا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے افغانستان کیخلاف جیت کو کریڈٹ عماد وسیم کی بجائے وہاب ریاض کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ باولر کے 15 رنز بہت ہی قیمتی تھے۔

عماد وسیم نے پریشر میں بہترین اننگز کھیلی ان کے ساتھ ہی بابر اعظم اور امام الحق نے بھی اچھی اننگز کھیلی۔ تاہم وہاب ریاض کے 15 رنز عماد وسیم کے 49 رنز جتنے اہم تھے۔ وہاب ریاض پر انگلی کے فریکچر کے باوجود اعتبار کیا۔وہاب ریاض میرے اور کوچ دونوں کے اعتماد پر پورا اترے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ہفتے کے روز بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

اس فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید روشن ہو گئے۔ میچ میں عماد وسیم نے 49 رنز کی اہم ترین اننگ کھیل کر اور 2 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ جبکہ وہاب ریاض نے زخمی ہونے کے باوجود 2 وکٹیں بھی حاصل کیں اور میچ کے آخری لمحات میں پریشر کے دوران 15 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔

اس فتح کے بعد سے وہاب ریاض نے خاصی تعریف سمیٹی ہے۔ ان کے ناقدین بھی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا نواں میچ 5جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی ۔ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر کھیلے گی۔پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈھائی بجے شروع ہوگا ۔ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو اس میچ میں بھی فتح حاصل کرنا ہوگی۔
وقت اشاعت : 01/07/2019 - 20:12:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :