بنگلہ دیشی ٹیم پر آسمانی بجلی گر جائے تو شاید ہم سیمی فائنل میں پہنچ جائیں:محمد یوسف

مخالف ٹیم کے کھلاڑی زخمی ہوجائیں،ہمیں ایک اوور میں10رنز کا ٹارگٹ ملے تب ہی کوئی چانس ہے:سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 جولائی 2019 15:19

بنگلہ دیشی ٹیم پر آسمانی بجلی گر جائے تو شاید ہم سیمی فائنل میں پہنچ جائیں:محمد یوسف
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔4جولائی 2019ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی تقریباً ناممکن ہو گئی ہے کیونکہ اگر اسے سیمی فائنل میں جانا ہے تو بنگلہ دیش کو کم سے کم 316 رنز سے شکست دینا ہو گی اور اگر بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کی تو سیمی فائنل میں رسائی کا یہ ’فارمولہ‘ بھی غیر موثر ہو جائے گا۔

شائقین کرکٹ اس حوالے سے خاصے غم و غصے کا شکار ہیں اور قومی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کر رہے ہیں تاہم سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے ’جذبات کی رو‘ میں بہہ کر قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کا ایک ایسا طریقہ بتا دیا ہے کہ جان کر آپ بھی یقینا حیرت زدہ رہ جائیں گے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ” انگلینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد اب اس بات میں کوئی شک ہی نہیں رہا کہ پاکستان ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا ہے تاہم اگر کوئی آسمانی بجلی مخالف ٹیم پر گرجائے اوروہ کھیلتے کھیلتے گر جائیں یا ان فٹ ہوجائیںیا ہمیں ایک اوور میں10رنز کا ٹارگٹ ملے تب ہی پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرسکتا ہے،اگر آپ کسی جعلی ٹیم کے خلاف بھی کھیل رہے ہوں تو اسے بھی316رنز سے ہرانا ناممکن کے قریب ہوتا ہے ،اب صرف دعائیں کی کام آسکتی ہیں “۔

(جاری ہے)

شائقین کرکٹ محمد یوسف کے اس تجزیے پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ کے بعد یہ واضح ہو چکا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا تو پاکستانی ٹیم کسی صورت بھی سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکے گی ۔
وقت اشاعت : 04/07/2019 - 15:19:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :