پاکستان کوسیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کی ٹیم کو 311رنز سے شکست دے کر ناممکن کو ممکن بنانا ہوگا

جمعرات 4 جولائی 2019 16:24

پاکستان کوسیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کی ٹیم کو 311رنز سے شکست دے کر ناممکن کو ممکن بنانا ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) پاکستان کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے ناممکن کو ممکن بنانا ہوگا ۔اسوقت ورلڈ کپ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے 8میچز کھیل کر 9پوائنٹس حاصل کئے ہوئے ہیں اور اس کا پوائنٹس ٹیبل پر پانچواں نمبر ہے ۔اس نے ابھی ورلڈ کپ کا ایک اور میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنا ہے ۔ اگرپاکستان بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرکے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرتا ہے اور بنگلہ دیش کو کم سکورز پر آئوٹ کرتا ہے تو پھر نیوزی لینڈ اور پاکستان کے رن ریٹ پر فیصلہ ہوگا کہ کونسی ٹیم سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرے گی ۔

لیکن نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پاکستان سے کافی بہتر ہے ۔پاکستان کا رن ریٹ -0.792ہے جبکہ اس کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 9میچز کھیل کر گیارہ پوائنٹس حاصل کیئے ہوئے ہیں اور اس کی پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن ہے اور اس کا رن ریٹ +0.175ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے رن ریٹ سے بڑھنے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے بنگلہ دیش کے خلاف ہر صورت میں ٹاس جیت کر پہلے کھیل کر 350رنز بنانے ہوں گے اور بنگلہ دیش کی ٹیم کو 311رنز سے ہرانا ہوگا یا بنگلہ دیش کے خلاف 400رنز بناکر بنگلہ دیش کو 316رنز سے شکست دینی ہوگی یا پھر بنگلہ دیش کے خلاف 450رنز بناکر بنگلہ دیش کو 321رنز سے ہرانا ہوگا اور اگر پاکستان پہلے بائولنگ کرتا ہے تو پہلی گیند پھینکنے سے پہلے ہی سیمی فائنل سے آئوٹ ہوجائے گا ۔

اسلئے پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس بھی جیتنا ہوگا ۔پاکستان کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اب کوئی میچ نہیں کھیلنا ہے ۔
وقت اشاعت : 04/07/2019 - 16:24:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :