بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان

آل راونڈر محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو ڈراپ کیے جانے اور محمد حسنین، آصف علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 جولائی 2019 19:31

بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی2019ء) بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان، آل راونڈر محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو ڈراپ کیے جانے اور محمد حسنین، آصف علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ کل بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول میچ کیلئے فاسٹ باولر وہاب ریاض کی شرکت مشکوک ہے۔ جبکہ آل راونڈر محمد حفیظ کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

وہاب ریاض انجری کا شکار ہیں جس باعث کل کے میچ میں ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ جبکہ محمد حفیظ مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باعث ٹیم سے ڈراپ ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہاب ریاض اور محمد حفیظ کی جگہ محمد حسنین، آصف علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ کل میچ سے قبل ہی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

  دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے قبل اہم بیان جاری کیا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں، تاہم اس کے باوجود ٹیم نے ہمت نہیں ہاری ہے۔ سرفراز احمد کہتے ہیں کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔ اگر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملتا ہے تو کوشش کریں گے کہ 500 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جلد سے جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں۔ یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ایک چھوٹی سی امید پھر بھی باقی ہے۔

پاکستان کی بنگلہ دیش کیخلاف بڑے مارجن سے فتح قومی ٹیم کیلئے امکان پیدا کر سکتی ہے۔ تاہم اس کیلئے قومی ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف تاریخی فتح حاصل کرنا ہوگی۔ بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کو 316 رنز کے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی۔ یعنی اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے 400 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کو 84 رنز پر آوٹ کرنا ہوگا۔ اور اگر پاکستان 500 رنز بناتا ہے تو بنگلہ دیش کو 184 رنز پر آوٹ کرنا ہوگا۔

تب ہی پاکستان کا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر ہو پائے گا، اور پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ تاہم اگر بنگلہ دیش پاکستان کیخلاف ٹاس جیت گیا اور اس نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ورلڈکپ میں پاکستان کا سفر اسی وقت تمام ہو جائے گا۔ پہلے باولنگ کرنے کی صورت میں پاکستان کسی طرح سے بھی اپنا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر نہیں کر پائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم بارہویں آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا نواں اور آخری میچ جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر لندن میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کیلئے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کے خلاف کل ہونے والے میچ میں ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستان کی ٹیم آٹھ میچز کھیل کر ٹیبل پر 9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم میگا ایونٹ کی سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے کیونکہ بنگلہ دیش کی ٹیم آٹھ میچ کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 04/07/2019 - 19:31:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :