پاکستان کل کے میچ میں پہلی بیٹنگ ملنے کی صورت میں 500 رنز بنا سکتا ہے

بنگلہ دیش کے خلاف میچ لارڈز کے تاریخی گراونڈ پر کھیلا جائے گا، وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہوگی، جبکہ گراونڈ کے چاروں اطراف کی باونڈری بھی قدرے چھوٹی ہے

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 جولائی 2019 21:30

پاکستان کل کے میچ میں پہلی بیٹنگ ملنے کی صورت میں 500 رنز بنا سکتا ہے
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی2019ء) پاکستان کل کے میچ میں پہلی بیٹنگ ملنے کی صورت میں 500 رنز بنا سکتا ہے، بنگلہ دیش کے خلاف میچ لارڈز کے تاریخی گراونڈ پر کھیلا جائے گا، وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہوگی، جبکہ گراونڈ کے چاروں اطراف کی باونڈری بھی قدرے چھوٹی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان شیڈول میچ کیلئے وکٹ کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ لارڈز کرکٹ گراونڈ کی وکٹ ممکنہ طور پر بیٹنگ کیلئے سازگار ہوگی۔ جبکہ گراونڈ کے چاروں اطراف کی باونڈری بھی قدرے چھوٹی ہے۔ اسی باعث اس میدان پر بڑا اسکور کرنا ممکن ہے۔ کل کے میچ کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں، تاہم اس کے باوجود ٹیم نے ہمت نہیں ہاری ہے۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد کہتے ہیں کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔

اگر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملتا ہے تو کوشش کریں گے کہ 500 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جلد سے جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں۔ یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے قومی ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف تاریخی فتح حاصل کرنا ہوگی۔ بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کو 316 رنز کے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی۔ یعنی اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے 400 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کو 84 رنز پر آوٹ کرنا ہوگا۔

اور اگر پاکستان 500 رنز بناتا ہے تو بنگلہ دیش کو 184 رنز پر آوٹ کرنا ہوگا۔ تب ہی پاکستان کا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر ہو پائے گا، اور پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ تاہم اگر بنگلہ دیش پاکستان کیخلاف ٹاس جیت گیا اور اس نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ورلڈکپ میں پاکستان کا سفر اسی وقت تمام ہو جائے گا۔ پہلے باولنگ کرنے کی صورت میں پاکستان کسی طرح سے بھی اپنا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر نہیں کر پائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم بارہویں آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا نواں اور آخری میچ جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر لندن میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کیلئے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کے خلاف کل ہونے والے میچ میں ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستان کی ٹیم آٹھ میچز کھیل کر ٹیبل پر 9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم میگا ایونٹ کی سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے کیونکہ بنگلہ دیش کی ٹیم آٹھ میچ کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 04/07/2019 - 21:30:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :