رواں سال کے آخر میں افغانستان بھارتی سرزمین پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کی میزبانی کرے گا

منگل 9 جولائی 2019 11:55

رواں سال کے آخر میں افغانستان بھارتی سرزمین پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کی میزبانی کرے گا
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2019ء) افغانستان رواں سال کے آخر میں بھارت کی سرزمین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ٹیسٹ، تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ افغانستان کا مجموعی طور پر تیسرا ٹیسٹ ہو گا۔

(جاری ہے)

افغانی ٹیم کو گزشتہ برس ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم رواں سال کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں افغانستان نے آئرلینڈ کو زیر کر کے پانچ روزہ کرکٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی تھی۔ اعلان کردہ شیڈول کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 5 نومبر، دوسرا میچ 7 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 9 نومبر کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 13 نومبر، دوسرا میچ 16 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول واحد ٹیسٹ میچ 27 نومبر سے شروع ہو گا۔ واضح رہے کہ فیوچر ٹور پروگرام کے تحت ویسٹ انڈین ٹیم افغانستان کے خلاف سیریز ختم ہونے کے بعد بھارت کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 09/07/2019 - 11:55:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :