حکومت ملک میں کبڈی کے فروغ کیلئے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے نظام کو بہتر بنائے، لالہ عبیداللہ کمبوہ

منگل 9 جولائی 2019 14:34

حکومت ملک میں کبڈی کے فروغ کیلئے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے نظام کو بہتر بنائے، لالہ عبیداللہ کمبوہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2019ء) کبڈی کے انٹرنیشنل کھلاڑی لالہ عبید اللہ کمبوہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ثقافتی کھیل کبڈی کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کرے اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے نظام کو بھی بہتر بنائے۔ گزشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کبڈی ہماری ثقافتی کھیل ہے اور یہ زیادہ تر دیہاتی سطح پر کھیلا جاتا ہے اور دیہاتی سطح پر اس کھیل کی ترقی کیلئے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کبڈی کھیل کی ترقی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ اس ثقافتی کھیل کے فروغ کیلئے دیہاتی سطح پر کوئی ٹھوس اقدامات کرے کیونکہ کبڈی کھیل کا ٹیلنٹ تو دیہاتی سطح پر ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کے انعقاد سے اس کھیل کو فروغ حاصل ہوگا اور ضلعی حکومتوںکو چاہیے کہ وہ یونین کونسل سطح پر کبڈی کے مقابلوں اور گرمیوں کی چھٹوں کے دوراں سکول کالجز کے بچوں کیلئے کھیل کے تربیتی کیمپوں کا انعقاد کرے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں پاکستان ایئرفورس سے تعلق رکھنے والے قومی ہیرو لالہ عبید اللہ کمبوہ نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں اور سپانسر کا اہم کردار ہوتا ہے لیکن ہمارے ملک میں ایسا نہ ہونے کے برابر ہے سپانسر زیادہ تر کرکٹ کو ترجیج دے رہا ہے اور تعلیمی داروں میں بھی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے اور حکومت کوتعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حکومت کو زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ کھلاڑیوں میں مزید کھیلنے کا شوق پیدا ہو۔
وقت اشاعت : 09/07/2019 - 14:34:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :