نیوزی لینڈ کیخلاف اپ سیٹ شکست کے باعث مہندرا سنگھ دھونی کا کیریئر بھی ختم؟

بھارتی میڈیا اور شائقین کرکٹ سابق کپتان کو شکست کا ذمے دار ٹھہرانے لگے، ممکنہ طور پر دھونی آئندہ بھارت کی ایک روزہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے

muhammad ali محمد علی بدھ 10 جولائی 2019 23:00

نیوزی لینڈ کیخلاف اپ سیٹ شکست کے باعث مہندرا سنگھ دھونی کا کیریئر بھی ختم؟
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2019ء) نیوزی لینڈ کیخلاف اپ سیٹ شکست کے باعث مہندرا سنگھ دھونی کا کیریئر بھی ختم؟بھارتی میڈیا اور شائقین کرکٹ سابق کپتان کو شکست کا ذمے دار ٹھہرانے لگے، ممکنہ طور پر دھونی آئندہ بھارت کی ایک روزہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد بھارتی میڈیا اور شائقین کرکٹ چلا اٹھے ہیں۔

بھارتی میڈیا اور شائقین کرکٹ کی جانب سے سیمی فائنل میں شکست ہونے پر اپنی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خاص کر ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ بھارتی شائقین اور میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت میچ میں واپس آگیا تھا اور فتح حاصل کر سکتا تھا، تاہم آخری اوورز میں دھونی کی سست بیٹنگ کی وجہ سے ٹیم کو شکست ہوئی۔

(جاری ہے)

دھونی میں تیز بیٹنگ کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رہی، اس لیے اب ان کی ٹیم میں جگہ بھی نہیں بنتی۔ بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ آج کے میچ کے بعد شاید دھونی بھارت کی ایک روزہ ٹیم کا مزید حصہ نہیں رہیں گے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ 2019 ءکے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ کیویز کی جانب سے دیے گئے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دنیا کی نمبر 1 بیٹنگ لائن 221 رنز بنا سکی۔

بھارتی بلے باز رویندرا جدیجا کی نصف سینچری رائیگاں گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نے 3 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ورلڈ کپ میں رنز مشین روہت شرما صرف ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے، ان کے پیچھے بھارتی ٹیم قائد ویرات کوہلی اور دوسرے اوپنر کے ایل راہول بھی بالترتیب ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے،دنیش کارتھک کو صرف 6 رنز پر ہنری نے پویلین کی راہ دکھائی۔

رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بناکر کیوی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن 32 رنز کی اننگز کھیل کر رشبھ پنت پانڈیا کا ساتھ چھوڑ گئے،ہاردک پانڈیا 32 رنز بناکر سینٹنر کا شکار بنے۔ اس کے بعد جدیجا اور دھونی کے درمیان سینچری شراکت داری ہوئی، تاہم جدیدجا 77 اور دھونی 49 رنز بنا کر بھی اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اگر آج بھی میچ بارش سے متاثر ہوجاتا تو بھارت کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جاتی۔ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہورہا ہے جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے میچ کا انتہائی سست انداز میں آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ بھی ایک رن پر گئی ، مارٹن گپٹل صرف ایک رن بناکر آﺅٹ ہوگئے۔19 ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر نکولس 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کین ولیمسن اور ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 134 کے مجموعی سکور پر ولیمسن 67 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔

جیمز نیشم اور گرینڈ ہوم بھی بالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران 47 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جب کیویز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے۔آج میچ دوبارہ شروع ہوا تو روس ٹیلر74رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،ٹام لیتھم10رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہوئے،میٹ ہینری صرف ایک رن بنا کر بھونیشور کمار کی تیسری وکٹ بنے،کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے ۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرکے سب سے کامیاب باﺅلر رہے جبکہ جسپریت بمرا، ہاردک پانڈیا، رویندرا جادیجا اور یزویندر چاہل ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ میں سیمی فائنل کیلئے بھارت نے 7 ویں مرتبہ کوالیفائی کیا ہے، اس سے قبل وہ 6 مرتبہ سیمی فائنل کھیل چکا ہے جن میں سے اسے 3 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 ویں مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے، کیویز اب تک ورلڈکپ کے 6 سیمی فائنلز میں ناکام اور ایک میں فاتح رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 10/07/2019 - 23:00:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :