سینیگال اور نائیجیریا کی ٹیمیں افریقہ کپ آف نیشنز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

جمعرات 11 جولائی 2019 11:51

سینیگال اور نائیجیریا کی ٹیمیں افریقہ کپ آف نیشنز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) سینیگال اور نائیجیریا کی ٹیمیں افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ 2019ئ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ بینن اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میچز میں شکست کے بعد افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں سینیگال نے بینن کو 1-0 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

نائیجیریا نے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 2-1 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مصر میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں سینیگال کا مقابلہ بینن کی ٹیم سے تھا۔ سینیگال کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد بینن کو 1-0 گول سے شکست دی۔

(جاری ہے)

ہاف ٹائم تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، دوسرے ہاف میں سینیگال کے ادریسا گانا نے میچ کے 69 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو بینن کے خلاف 1-0 کی برتری دلائی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں نائیجیریا کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 2-1 گول سے ہرا دیا۔ نائیجیریا کی ٹیم کے سیمیوئل نے 27 ویں منٹ میں گول کر کے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی ٹیم کو 1-0 گول کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف پر نائیجیریا کو جنوبی افریقہ کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل تھی۔ ہاف کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم کی طرف سے بونگانی نے 71 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔

نائیجیریا کی ٹیم کی طرف سے ولیم پال نے میچ کے آخری لمحات میں 89 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو دوباہ جنوبی افریقہ کے خلاف 2-1 کی برتری دلا دی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی اور یوں نائیجیریا نے جنوبی افریقہ کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
وقت اشاعت : 11/07/2019 - 11:51:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :