افغان باﺅلر آفتا ب عالم پر ایک سال کی پابندی عائد

پیسر کو ورلڈ کپ کے دوران ہوٹل میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی پر یہ سزا سنائی گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 جولائی 2019 16:37

افغان باﺅلر آفتا ب عالم پر ایک سال کی پابندی عائد
کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2019ء) افغان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے دوران فاسٹ باولر آفتاب عالم پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ایک سال کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق26سالہ آفتاب عالم پر ایک سال کی پابندی افغان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی کی تحقیقات کے بعد لگائی گئی ہے جس دوران ان پر الزام ثابت ہو گیاہے۔افغان فاسٹ باﺅلر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کابل میں ہونے والی کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ میں لیا گیا۔

ورلڈ کپ کے دوران اچانک آفتاب عالم کو ٹیم سے ڈراپ کرتے ہوئے واپس افغانستان بھیج دیا گیا تھا اور پریس ریلز میں بتایا گیا کہ باﺅلر کو واپس بھیجنے کا فیصلہ نہایت ہی غیر معمولی حالات میں کیا گیاہے تاہم بعد ازاں معاملہ سامنے آنے پر پتا چلا کہ ساﺅتھمپٹن میں واقع ہوٹل میں انہوں نے خاتون مہمان کے ساتھ انتہائی سنجیدہ نوعیت کی بدتمیزی کی تھی۔

(جاری ہے)

آفتاب عالم نے ورلڈکپ2019ءمیں اپنا آخری میچ 22 جون کو کھیلا تھا جس میں افغانستان کو بھارت کے خلاف 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسی دوران ہوٹل میں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔انہوں نے ورلڈ کپ میں افغانستان کے لیے 3میچز میں4شکار کیے۔آفتاب عالم نے 2010ءسے اب تک27ون ڈے اور12ٹی ٹونٹی میچز میں افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب41اور 11وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ آفتاب عالم سے متعلق یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ وہ پاکستان کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں، اسی باعث افغان کرکٹ بورڈ ان سے نالاں ہے۔ ایشیا کپ میں یہ آفتاب عالم ہی تھے جن کے آخری اوور میں پاکستان فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اس میچ کے بعد بھی آفتاب عالم پر پاکستان کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم اس حوالے سے نہ افغان کرکٹ بورڈ، نہ ہی آفتاب عالم کی جانب سے کوئی واضح موقف اختیار کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 11/07/2019 - 16:37:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :