12ویں کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل کیلئے موسم کی رپورٹ جاری کر دی گئی

لارڈز کے تاریخی میدان پر شیڈول فائنل کے دوران بارش ہونے کے امکانات کافی کم ہیں، تاہم بارش سے میچ متاثر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیمیں مشترکہ چیمپئن بن جائیں گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 جولائی 2019 20:34

12ویں کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل کیلئے موسم کی رپورٹ جاری کر دی گئی
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2019ء) 12 ورلڈکپ کے فائنل کیلئے موسم کی رپورٹ جاری کر دی گئی، لارڈز کے تاریخی میدان پر شیڈول فائنل کے دوران بارش ہونے کے امکانات کافی کم ہیں، تاہم بارش سے میچ متاثر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیمیں مشترکہ چیمپئن بن جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں کھیلے جا رہے کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوران کئی میچز بارش کی نظر ہوگئے۔

رواں ورلڈکپ کے دوران بارش باعث منسوخ ہونے والے میچز کی تعداد ماضی کے کسی بھی ورلڈکپ سے زیادہ ہے۔ اسی باعث آئی سی سی کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث ہی پاکستان کا کمزور حریف سری لنکا کے خلاف میچ منسوخ ہوا، اور اسی باعث پاکستان سیمی فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہی۔ تاہم گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران سوائے نیوزی لینڈ، بھارت سیمی فائنل کے، دیگر ہونے والے میچز بارش سے محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اگر 14 جولائی کو بارش باعث فائنل میچ نہ کھیلا جا سکا، تو اس صورت میں اگلے روز میچ کھیلا جائے گا۔ اگر اگلے روز بھی میچ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا، تو پھر اس صورت میں ورلڈکپ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان شیئر کر دیا جائے گا۔ دونوں ہی ٹیمیں ورلڈکپ کی مشترکہ فاتح قرار پائیں گی۔ واضح رہے کہ بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو لارڈز میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہو گا۔

انگلش ٹیم چوتھی مرتبہ اور کیوی ٹیم دوسری مرتبہ میگا ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔ انگلش ٹیم اس سے قبل 1979ء، 1987ء اور 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کا فائنل کھیل چکی ہے جبکہ کیوی ٹیم نے 2015ء میں پہلی بار ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ ٹورنامنٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنا رکھی ہے۔

میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ نے دفاعی اور عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل اتوار کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ پر کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں اب تک عالمی ٹائٹل جیتنے سے محروم ہیں اسلئے دونوں ٹیمیں تاریخ رقم کرنے کیلئے خوب جان لڑائیں گی۔ انگلش ٹیم کو ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا ایڈونٹیج حاصل ہو گا اسلئے عالمی ٹائٹل کیلئے اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم دوسری جانب کیوی ٹیم نے جس طرح سیمی فائنل میں بھارت کو قابو کیا اس کے بعد وہ بھی ٹائٹل کیلئے مضبوط امیدوار بن چکی ہے اسلئے ماہرین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں آسٹریلوی ٹیم 5 مرتبہ عالمی ٹائٹل جیت کر سب سے کامیاب ترین ٹیم ہے۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں جبکہ پاکستان اور سری لنکا کو ایک، ایک بار عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 13/07/2019 - 20:34:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :