ورلڈکپ فائنل کی تیاریاں مکمل، وکٹ کی رپورٹ بھی سامنے آگئی

لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراونڈ پر شیڈول میچ کیلئے بیٹنگ وکٹ تیار کی گئی ہے، ہائی اسکورنگ میچ ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 جولائی 2019 22:09

ورلڈکپ فائنل کی تیاریاں مکمل، وکٹ کی رپورٹ بھی سامنے آگئی
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2019ء) ورلڈکپ فائنل کی تیاریاں مکمل، وکٹ کی رپورٹ بھی سامنے آگئی، لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراونڈ پر شیڈول میچ کیلئے بیٹنگ وکٹ تیار کی گئی ہے، ہائی اسکورنگ میچ ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ فائنل کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ وکٹ کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول فائنل کے دوران رنز کا انبار لگنے کا امکان ہے۔ فائنل کیلئے وکٹ ایسی تیار کی گئی ہے جو بلے بازوں کیلئے سازگار ہوگی۔ اسی باعث فائنل ہائی اسکورنگ ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو لارڈز میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

انگلش ٹیم چوتھی مرتبہ اور کیوی ٹیم دوسری مرتبہ میگا ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔ انگلش ٹیم اس سے قبل 1979ء، 1987ء اور 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کا فائنل کھیل چکی ہے جبکہ کیوی ٹیم نے 2015ء میں پہلی بار ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ ٹورنامنٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنا رکھی ہے۔

میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ نے دفاعی اور عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل اتوار کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ پر کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں اب تک عالمی ٹائٹل جیتنے سے محروم ہیں اسلئے دونوں ٹیمیں تاریخ رقم کرنے کیلئے خوب جان لڑائیں گی۔ انگلش ٹیم کو ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا ایڈونٹیج حاصل ہو گا اسلئے عالمی ٹائٹل کیلئے اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم دوسری جانب کیوی ٹیم نے جس طرح سیمی فائنل میں بھارت کو قابو کیا اس کے بعد وہ بھی ٹائٹل کیلئے مضبوط امیدوار بن چکی ہے اسلئے ماہرین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں آسٹریلوی ٹیم 5 مرتبہ عالمی ٹائٹل جیت کر سب سے کامیاب ترین ٹیم ہے۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں جبکہ پاکستان اور سری لنکا کو ایک، ایک بار عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 13/07/2019 - 22:09:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :