ورلڈکپ ختم ہوتے ہی آئی سی سی نے تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی، پاکستان کو خوشخبری سنا دی گئی

عالمی چیمپئن انگلینڈ بدستور پہلے نمبر پر براجمان، جبکہ پاکستان کی چھٹی پوزیشن مزید پوائنٹس کے اضافے سے مستحکم ہوگئی

muhammad ali محمد علی پیر 15 جولائی 2019 20:51

ورلڈکپ ختم ہوتے ہی آئی سی سی نے تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی، پاکستان کو خوشخبری سنا دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی2019ء) ورلڈکپ ختم ہوتے ہی آئی سی سی نے تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی، پاکستان کو خوشخبری سنا دی گئی، عالمی چیمپئن انگلینڈ بدستور پہلے نمبر پر براجمان، جبکہ پاکستان کی چھٹی پوزیشن مزید پوائنٹس کے اضافے سے مستحکم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کی گئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ورلڈکپ کے اختتام کے فوری بعد جاری کردہ رینکنگ میں عالمی چیمپئن انگلینڈ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن میں بھی کچھ بہترین ہوئی ہے۔ پاکستان اب 97 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کارکردگی کی بناء پر ورلڈ کپ کے لئے مثالی ٹیم کا اعلان کردیا،ٹیم میں ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے دنیائے کرکٹ کی مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مجموعی طور پر چھ کھلاڑی شامل ہیں ۔ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2019ٹیم میں کوئی پاکستانی کرکٹر جگہ نہ بناسکا ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ۔ٹیم میں انگلینڈ کے چار کھلاڑی جیسن روئے ،جوئے روٹ ،بین سٹوکس،جوفرا آرچر، بھارت کے دو کھلاڑی روہت شرما اور جسپریت بھمرا ،نیوزی لینڈ کے دو کھلاڑی کین ولیم سن ،لوکی فرگوسن ،آسٹریلیا کے دو کھلاڑی بین سٹوکس ،ایلکس کیرے بنگلہ دیش کا ایک کھلاڑی شکیب الحسن شامل ہے ۔

آئی سی سی ورلڈ کپ ٹیم کی سلیکشن آئین بشپ ،آئن سمتھ اور ایسا گوہا ،لارنس بوتھ ،آئی سی سی جنرل مینجر کرکٹ جیف آلارڈک پر مشتمل کمیٹی نے کی ۔ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے ورلڈکپ کے 9 میچوں میں 82.57 کی اوسط سے 578 رنز کی اننگز کھیلی اور بلے بازوں میں ان کا چوتھا نمبر تھا جب کہ انگلینڈ کے جوئے روٹ نے 556 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر رہے۔

جیسن روئے 443 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ٹیم میں شامل بھارتی کرکٹرروہت شرما نے ورلڈ کپ کے 9 میچوں میں 648 رنز بنا کر بلے بازوں میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی جس کی وجہ سے ان کا نام ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ۔بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے ٹورنامنٹ میں بہترین آل رائونڈر کارکردگی دکھائی اور 500 رنز بنانے کیساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی حاصل کیں ۔

فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے بین اسٹوکس نے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں 89 رنز بنانے کے بعد اینڈل فیلوک وائیو کا ناقابل یقین کیچ بھی پکڑا اور سری لنکا کیخلاف 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ آسٹریلیا کیخلاف 89 رنز بھی بنائے۔ایلکس کیری نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں اپنی ٹیم کیلئے 71 گیندوں پر 72 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ انگلینڈ کیخلاف سیمی فائنل میچ میں بھی 46 گیندوں پر 70 رنز بنائے مگر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے البتہ ٹورنامنٹ میں وہ 375 رنز بنا کر ورلڈکپ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔

مچل اسٹارک نے ورلڈکپ کے 10 میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نہ صرف آسٹریلین لیجنڈ بولر گلین میک گراتھ کا 26 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑا بلکہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں بھی حاصل کیں ۔نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن 21 وکٹوں کے ساتھ بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے، انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کیں اور ٹاپ تھری بولرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔بھارت کے جسپریت بمرا نے ٹورنامنٹ میں 18 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ بولرز کی لسٹ میں پانچواں نمبر حاصل کیا ۔کوئی پاکستانی کرکٹر ٹیم کا حصہ نہ بن سکا۔
وقت اشاعت : 15/07/2019 - 20:51:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :