آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کیلئے انگلش اسکواڈ میں روئے شامل

انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 24 جولائی سے لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا

جمعرات 18 جولائی 2019 17:05

آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کیلئے انگلش اسکواڈ میں روئے شامل
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کے لیے 13رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا اور جیسن روئے کو ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا،آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں جو روٹ کپتانی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ پر مشتمل جوڑی ہی فاسٹ باؤلنگ کی ذمے داری نبھائیں گی۔

ورلڈ کپ میں اپنی بیٹنگ کا لواہا منوانے والے جیسن روئے کو بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔انگلش ٹیم کے چیف سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے کہا کہ میں اور روٹ پہلے سے ہی روئے کے کھیل کے بہت فین تھے اور انہیں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنانے کے خواہشمند تھے لیکن ہم چاہتے تھے کہ وہ مکمل اعتماد کے ساتھ ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کے بعد روئے کا اعتماد بلندیوں پر ہے اور ہم ایشز سیریز سے قبل انہیں مزید اعتماد دینے کی غرض سے ٹیم میں شامل کیا ہے تاکہ وہ روایتی حریف کے خلاف اچھا کھیل پیش کرسکیں۔

ورلڈ کپ کے بعد امید تھی کہ جوفرا آرچر کو بھی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا لیکن ایسا نہ ہو سکا اور وہ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔آئرلینڈ کے خلاف واحڈ ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کے اسکواڈ میں کپتان جو روٹ، جیسن روئے، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیئراسٹو، اسٹورٹ براڈ، رورے برنز، سیم کًرن، جو ڈینلی، لوئس گریگوری، جیک لیچ، کرس ووکس اور اولی اسٹون شامل ہیں۔انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 24 جولائی سے لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 18/07/2019 - 17:05:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :